عظمیٰ نیوزسروس
جموں//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شیلندر کمار نے ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی اورمرکزی معاونت والی سکیموں ( سی ایس ایس) ، کیپکس بجٹ ، نبارڈ اور جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی) کے تحت پروجیکٹوں کی طبعی اور مالی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دورانِ میٹنگ اَفسروں نے ان سکیموں کے تحت زیر اِلتوأ سرگرمیوں کوتیز کرنے کے لئے عمل درآمد کی صورتحال، درپیش چیلنجوں اور حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی اَپ ڈیٹس پیش کیں۔ پرنسپل سیکرٹری نے تمام سکیموں کے تحت فنڈز کے بروقت عمل آوری اور فنڈز کے اِستعمال کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا جبکہ منصوبے کی عمل آوری میں درپیش چیلنجوں پر بھی توجہ دی۔شیلندر کمار نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈی پی )کے تحت کی گئی اہم پیش رفتوں کا جائزہ لیا جو دیرپا زرعی طریقوں کو فروغ دینے اور کسانوں کے ذریعے معاش کو بہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کیا ہے۔جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈی پی)، سی ایس ایس اور کیپیکس منصوبوں کے تحت اخراجات کو اس شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے مجموعی ہدف سے ہم آہنگ کرنے کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ پی ڈی ایم سی ، ایس ایم اے ایم ، آر اے ڈی ، آر کے وی وائی ، پی کے وی وائی ، اے ٹی ایم اے ، این ایف ایس ایم اور دیگر جیسی اہم فلیگ شپ سکیموں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی ایس ایس منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد دیہی خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ مالی برس کے لئے مقررکردہ اہداف کو پورا کرنے کے لئے قریبی تال میل سے کام کریں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ فوائد نچلی سطح تک پہنچیں۔ اُنہوں نے نگرانی کے مناسب طریقۂ کار اور تمام منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں باقاعدگی سے اَپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اِس جائزے میں بابا جیتو آبپاشی پروجیکٹ کا ایک خاص جائزہ شامل تھا جس میں رین فیڈ ائیریا ڈیولپمنٹ پر زیادہ توجہ دینے پر زور دیا گیا تھا۔ میٹنگ کا مقصد جاری منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانا اور خطے میں زرعی ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کے عزم کو تقویت دینا ہے۔