جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے صحافی اور مصنف مرحوم مقبول ساحل کے لواحقین کے حق میں پانچ لاکھ روپے واگزار کئے ۔ مقبول ساحل دو روز قبل انتقال کر گئے ۔ وزیر اعلیٰ نے پہاڑی فن کو فروغ دینے اور ریاست میں صحافت کو مضبوط کرنے کے لئے مرحوم مقبول ساحل کی خدمات کی سراہنا کی۔ادھر سرکردہ صحافی ،قلمکار ،براڈکاسٹر اور مصنف مرحوم مقبول ساحل کی یاد میں سرینگر ،جموں اور وادی چناب میںفیڈ ریشن آف اردو ورکنگ جر نلسٹس کشمیر کے اہتمام سے دعائیہ وتعزیتی مجالس کا اہتمام کیا گیا ۔دعائیہ وتعزیتی مجالس میں مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے صحافیوں کی ایک خاصی تعداد نے خصوصی شرکت کی۔ مجلس میں فیڈریشن آف اردو ورکنگ جرنلسٹس سے وابستہ ممبران کے علاوہ کشمیر ایڈیٹرس گائلڈ،کشمیر فوٹو جرنلسٹس ایسو سی ایشن،اور دیگر انجمنوں سے وابستہ صحافیوں کے علاوہ لبریشن فرنٹ کے نمائندے اشرف بن سلام نے بھی شرکت کی۔معروف صحافیوں نے بھی مرحوم کی صحافتی زندگی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مقررین نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اہل صحافت ان کی کمی کو محسوس کریں گے ہی مگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین بھی ان کی رحلت پر رنجیدہ ہیں، وہ محبتیں بکھیرنے والا بڑا انسان تھا۔مقررین نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبول ساحل وہ صحافی تھے،جنہوں نے قلم کے زور سے اُردو صحافت کے میدان میں بڑا مقام بنایا۔مقررین نے مزید بتایا کہ مقبول ساحل کے اچانک انتقال سے اُردو صحافت میں ایک خلاء پیدا ہوگیا جسے پُر کرنا ناممکن ہے ۔تعزیتی اجلاس کے آخر پر مرحوم کے حق میں فاتحہ خوانی کی گئی ۔فیڈ ریشن آف اردو ورکنگ جر نلسٹس کشمیر نے یہ عہد کیا کہ مرحوم کے ادھورے مشن کو آگے بڑھایا جائیگا ۔