عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// راجوری کی خواس تحصیل کے دور افتادہ گاؤں اُدھن، خوربانی کے مقامی لوگوں نے گزشتہ چار دنوں سے بند پڑی اُدھن تا خوربانی سڑک کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس سڑک کی بندش سے سرکاری اداروں کا عملہ اور طلباء بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق، اُدھن سے خوربانی تک سڑک چار دن پہلے متعدد لینڈ سلائیڈنگ اور پتھراؤ کے بعد بند ہو گئی تھی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بلاک کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے جس کی وجہ سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول اُدھن کا عملہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اسکول پہنچنے کے لیے کئی کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے۔اس کے علاوہ مذکورہ سرکاری تعلیمی ادارے کے طلباء بھی روڈ بلاک ہونے سے متاثر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ تحصیل انتظامیہ کے نوٹس میں لایا گیا ہے لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور سڑک تاحال بلاک پڑی ہوئی ہے۔لوگوںنے کہا کہ وہ سلائیڈ کا ملبہ ہٹا کر اس اہم سڑک کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔