مقامی جنگجو کی ہلاکت کی افواہ ،بانڈی پورہ میں معمولات متاثر

بانڈی پورہ//سوپور میں فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان تصادم آرائی میں جاں بحق2 جنگجوئوںمیں سے ایک کی شاخت کے حوالے سے یہ افواہ پھیل جانے کے بعد کہ وہ قاضی پورہ کا نوجوان تھا،بانڈی پورہ میں مکمل ہڑتال رہی جس دوران علاقے میں تمام دکانیں بند رہیں جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ مکمل طور غائب رہنے کے علاوہ دفاتر میں بھی ملازمین کی حاضری متاثر رہی ۔ اس دوران مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایک ٹاٹاگاڑی میں سوار ہوکر سوپور لاش حاصل کرنے کیلئے روانہ ہوئی لیکن پتوشاہی کے قریب گاڑی حاثے کاشکار ہوئی اور 5افراد شدیدزخمی ہوگئے۔شمالی کشمیر کے سوپورعلاقے میں گذشتہ روز جو دوجنگجوجاں بحق ہوئے جن میں سے ایک کے تعلق کے حوالے سے یہ افواہ پھیل گئی کہ مذکوہ جاں بحق جنگجو بانڈی پورہ کے قاضی پورہ گائوںکا رہنے والا تھا۔ علاقے میں افواہ پھیلنے کے ساتھ ہی تمام دکانیں بند ہوئیں جبکہ سڑکوں سے بھی ٹرانسپوٹ بھی غائب ہوااور سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری نہ ہونے کے برابر رہی ہے جبکہ ہڑتال کے دوران نوجوانوں نے بانڈی پورہ میں وتپورہ،قاضی پورہ اور اوناگام علاقوں میں سڑکوں پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کیں۔ تاہم پولیس نے شام تک جاں بحق جنگجوئوں کے بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے کی تصدیق نہیں کی  ۔