مفتی اعظم مفتی بشیر الدین کے انتقال پر مین اسٹریم، مزاحمتی ، دینی اور انتظامی حلقوں کا اظہار رنج و غم

سرینگر// جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیرالدین کے انتقال پر مزاحمتی،مذہبی اورمین اسٹریم جماعتوں کے علاوہ مختلف سماجی تنظیموں نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔حریت (گ)، حریت(ع)،لبریشن فرنٹ، تحریک حریت،فریڈم پارٹی، نیشنل فرنٹ،انجمن شرعی شیعیان، پیپلز پولیٹیکل فرنٹ،تحریک کشمیر،محاذآزادی،پیپلز لیگ ،سالویشن مومنٹ اورینگ مینز لیگ نے جموں وکشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیرالدین احمد کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندیٔ درجات کیلئے دعا کی۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے مفتی بشیر الدین فاروقی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر متنفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ ایک شریف النفس انسان تھے۔ گیلانی نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی لغزشوں اور کوتاہیوں کو معاف کرکے انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا کرے۔گیلانی کی ہدایت پر ان کے فرزند سید نسیم الظفرگیلانی نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ حریت(ع)چیئرمین اور متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ محمد عمر فاروق نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی چھ دہائیوں پر مشتمل دینی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا ۔ میرواعظ نے کہا کہ مفتی خانوادہ جموںوکشمیر کا ایک سرکردہ اور عظیم خانوادہ رہا ہے اور میرواعظ خاندان کے ساتھ گہرے تعلقات رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مفتی اعظم نے دارالافتاہ ار دارالقضا کی ذمہ داریاں تمام عمر بحسن خوبی انجام دیکر اپنے خاندان کی روایت کو نہ صرف آگے بڑھایا بلکہ اُسے ہر ممکن حد تک پروان چڑھانے کی کوشش کی۔انکے انتقال سے ایک دور کا خاتمہ ہو گیا ۔ میرواعظ نے مفتی بشیرکی وفات کو ایک ذاتی اور خاندانی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مفتی مرحوم کے جموںوکشمیر عوامی مجلس عمل کے بانی سربراہ میرواعظ محمد فاروق کے ساتھ نہ صرف انتہائی گہرے تعلقات تھے بلکہ مرحوم کشمیری عوام کی اس اولین مزاحمتی تنظیم کے بانی ارکان اور جنرل سیکریٹری کے عہدے پر فائز رہے اور کشمیری عوام کے پیدائشی حق، حق خودارادیت کی پاداش میں قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ میرواعظ نے مفتی اعظم کے انتقال کی خبر سن کر انکے گھر جاکر اس سانحہ پر مفتی خاندان خاص طور پر مرحوم کے فرزندان بالخصوص نائب مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ۔بعد میں  میرواعظ نے اپنے تنظیمی رفقاء اور کارکنوں کے ہمراہ مفتی اعظم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین جناب محمد یاسین ملک نے جموں کشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یاسین صاحب ایک وفد جس میں نائب چیئرمین مشتاق اجمل اور دوسرے لوگ شامل تھے کے ہمراہ آج مرحوم مفتی صاحب کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے غم زدہ خاندان کے ساتھ ملاقات کی اور اُن سے اظہار تعزیت کیا۔ مرحوم مفتی اعظم کی دینی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے یاسین صاحب نے کہا کہ اُن کے سماج سدھار اور اسلامی تعلیمات کوپھیلانے و غیرہ کے ضمن میں کئے جانے والے کام ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گے۔مرحوم مفتی اعظم کے لئے جنت نشینی کی دعا کرتے ہوئے یاسین صاحب نے اُن کے غم زدہ لواحقین کے لئے صبر جمیل و جزیل بھی کی دعائیں کیں ۔چیئر مین کی ہدایت پر مرحوم کی نماز جنازہ میں بھی فرنٹ کے ایک وفد نے شرکت کی۔ تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے معروف عالم دین مفتی بشیر الدین کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کی۔ صحرائی نے مرحوم مفتی بشیر الدین کیلئے جنت نشینی کی دُعا کی۔ صحرائی نے جواں سال نعت خوان منیر عباس کی وفات پر غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ صحرائی کی ہدایت پر تنظیم کے ذمہ دار سید امتیاز حیدراور مرحوم منیر عباس کے گھر جاکر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی۔ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین احمد فاروقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم و صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ مفتی اعظم کا انتقال ریاست کیلئے ایک بھاری علمی نقصان ہے جس کو پُر کرنا بہت ہی مشکل ہے۔فریڈم پارٹی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مفتی اعظم مفتی بشیر الدین کو پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر شاہ کے ساتھ گہرے اور قریبی مراسم تھے۔فریڈم پارٹی نے کہا کہ مفتی اعظم مفتی بشیر الدین ریاست میں ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے اور انہوں نے سماجی اور مذہبی شعبوں میں کافی مثبت کردار ادا کیا ہے جس کیلئے وہ ہمیشہ یاد کئے جائیں گے۔فریڈم پارٹی کے ایک وفد نے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نیشنل فرنٹ نے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین احمد فاروقی کی رحلت پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں نیشنل فرنٹ ترجمان نے کہا کہ پارٹی کے محبوس چیئر مین نعیم خان اکثر مفتی اعظم کا نام بہت ہی عزت واحترام سے لیتے تھے اور وہ اُنہیں پوری ریاست کا ایک اثاثہ قرار دیتے رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مفتی اعظم مفتی بشیر الدین کے انتقال سے کشمیر ایک عظیم مذہبی شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔ انہوں نے مرحوم کی ایصال ثواب اور جنت نشینی کیلئے دعا کی۔دریں اثناء نیشنل فرنٹ کے ایک وفد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے مرحوم کے جملہ لواحقین اور پسماندگان سے تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ریاست میں دین اسلام کی سربلندی، شریعت کی بالادستی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں جنہیں اسلامیان جموں و کشمیر کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مفتی اعظم مرحوم نے اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی کے سلسلے میں کبھی مصلحت پسندی کا مظاہرہ نہیں کیا آغا حسن نے انجمن شرعی شیعیان کے ایک وفد کے ہمراہ موصوف کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اورچیئرمین محمد مصدق عادل نے مفتی اعظم کشمیرکے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ فرنٹ قیادت نے اس دکھ کی گھڑی پر مرحوم کے فرزند مفتی ناصر اورخانوادہ مفتیانِ کشمیر سے وابستہ دوسرے متعلقین سے تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔تحریک کشمیر کے صدر محمد موسیٰ ،محاذآزادی کے صدر محمد اقبال میر،پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی ،سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ اورینگ مینز لیگ نے مفتی اعظم مفتی محمد بشیرالدین احمدکے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی۔اس دوران معروف سماجی کارکن اور سابق صدر اوقاف و بار ایسو سی ا یشن ڈورو شاہ آبادشیر علی بودانے مفتی اعظم کی رحلت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے انتقال کو ایک قومی نقصان قرار دیا ہے۔ انہوں نے موصوف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست میں ایک منضبط روایت کے امین تھے جوکشمیر کی مسلم شناخت کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور پسماندگان کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔معروف مزاحمتی کارکن غازی جاوید بابا نے مفتی اعظم کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے کے بعدمرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ریاست جموں وکشمیر کی تاریخی تجارتی انجمن بیوپارمنڈل مہاراج گنج سرینگر نے مفتی اعظم جموں کشمیر مولانا بشیر الدین فاروقی کے انتقال پر لواحقین خصوصاً مفتی ناصر الاسلام کے ساتھ گہرے دکھ و ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ مفتی بشیر صاحب کے انتقال سے کشمیر کے مذہبی دائرے میں ایک ایسی خلا پیدا ہوگئی ہے جس کو پْر کرنا مشکل ہے۔ اس دوران بیوپارمندل مہاراج گنج کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جس میں انجم کے صدر خورشید احمد دلال، منظور احمد صوفی اور ایاززھگیر وغیرہ شامل تھے نے خانقاہ معلی جاکر مرحوم کے نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اورنائب صدر عمر عبداللہ،پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین احمد کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے۔ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی جو مسلم وقف بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ،نے مفتی اعظم کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اِظہار کرتے ہوئے مفتی اعظم کو ایک معروف اسلامی سکالر اوراعلیٰ علم و ذہانت کا مالک قرار دیا ہے۔اُنہوں نے مفتی اعظم کی وفات کو ایک ذاتی نقصان بھی قرار دیا۔خورشید گنائی نے کہا کہ وہ مفتی اعظم کی ذاتی صفات ، علم و دانش اورعقل و فہم سے متاثر تھے۔نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر میاں الطاف احمد نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ریاست کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔پردیش کانگریس کے نائب صدر جی این مونگا ،سی پی آئی (ایم)کے سینئر لیڈر محمد یودف تاریگامی اورپیپلز کانفرنس کے سینئر لیڈر عبدالغنی وکیل نے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین احمد کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست ایک نامور عالم دین سے محروم ہوگئی۔ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر مبارک گل ، جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کے چیئرمین خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون،تحصیل چیئرمین اوڑی بشیر احمد وتھلونے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مفتی ناصر الاسلام کے ساتھ دلی ہمدردی کااظہار کیا ہے۔معروف ٹریڈ یونین لیڈر پی ڈی پی کے عبدالقیوم وانی اور ایجیک کے صدر فیاض شبنم نے مفتی بشیر الدین کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انکے فرزند کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی رحلت سے ریاست ایک اعلیٰ پایہ کے عالم دین اور مفکر سے محروم ہو گئی ہے۔
سرینگر//ریاست کی دینی جماعتوں نے مفتی اعظم کے انتقال پر زبردست رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔جماعت اسلامی، جمعیت اہلحدیث، دار العلوم رحیمیہ بانڈی پورہ ، انجمن حمایت الاسلام، مسلم پرسنل لا بورڑ، حقانی میموریل ٹرسٹ، دار العلوم سید المرسلین کی طرف سے مفتی اعظم کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔موصولہ بیانات کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر پر آج ایک تعزیتی نشست زیر صدارت امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عبدالحمید فیاض منعقد ہوئی جس میں مفتی اعظم مفتی محمد بشیر الدین احمد فاروقی کی رحلت پر زبردست دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی عظیم دینی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا، علی الخصوص اتحاد ملت کے حوالے سے اُن کی کوششوں کو یاد کرکے سراہا گیا۔ مرحوم ، مجلس اتحاد ملت جموں وکشمیر کے سربراہ تھے اور اُن کی رحلت سے اس خلا کو پورا کرنا بہت مشکل ہے۔ اُن کی دینی شخصیت کو تاریخ میں خصوصی طور ذکر ہوگا۔ مرحوم نے دینی معاملات میں سالہاسال سے جو رہنمائی کی ہے اُس کو یہاں کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ نشست کے آخر پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔ امیر جماعت ڈاکٹر عبدالحمید فیاض کی سرکردگی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرحوم کے فرزند ارجمند مفتی ناصر الاسلام کی وساطت سے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔جمعیت اہلحدیث نے ریاست جموںوکشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیرالدین احمد کے فوت ہونے پررنج وغم کا اظہار کیا۔ نماز جنازہ میںصدر جمعیت اہلحدیث جموںوکشمیر ،ناظم اعلیٰ اور دیگر اراکین جمعیت پر مشتمل وفد نے شرکت کی ۔ صدر جمعیت نے مفتی مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ملی اتحاد ویکجہتی کے علمبردار تھے۔ جمعیت علماء اہل السنت والجماعت نے مفتی اعظم مفتی محمد بشیرالدین کے سانحۂ ارتحال کوامت مسلمہ بالخصوص مسلمانان کے بہت بڑے نقصان سے تعبیر کیا۔ دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے ناظم مولانا محمد رحمت اللہ میر قاسمی جو رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ جموں و کشمیر کے صدر بھی ہیں اور دارالعلوم دیوبند کی شوریٰ کے رکن بھی  نے اپنے تعزیتی بیان میں مفتی اعظم مولانا مفتی بشیر الدین احمد کے سانحۂ ارتحال پر اپنے گہرے صدمہ کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرما کر جنت میں جگہ نصیب فرمائے اور ان کے پسماندگان و متعلقین خصوصاً صاحبزادہ مفتی ناصر الاسلام کو صبر جمیل عطا فرمائے۔جمعیت علماء کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے کہاکہ مفتی بشیرالدین مسلمانان کشمیر کی ایک مؤثر آواز تھی جو ہمیشہ کیلئے خاموش ہوگئی۔ انجمن حمایت الاسلام کے زعماء بالخصوص سرپرست مولانا شوکت حسین کینگ، صدر مولانا خورشید احمد قانونگو اور مولانا عبدالحق اویسی نے مشترکہ بیان میں مفتی اعظم کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کم از کم 6دہائیوں سے ریاست جموںو کشمیر کے علمی حلقوں میں ایک امتیاز رکھتے تھے ۔ انہوںنے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی ہے۔حقانی میموریل ٹرسٹ نے مفتی بشیرکی رحلت پر گہرے صدمے کا اظہارکیاہے ۔انہوں نے کہا کہ مفتی کے انتقال سے ایک خلا پیدا ہوا ہے۔  ممبر مسلم پرسنل لاء بورڈ جموں و کشمیر کے مولانا منظور احمد کرمانی نے تعزیت کرتے ہوئے دُعا کی کہ مرحوم کو جنت الفردوس عطا فرمائے ۔وادی کے معروف سماجی کارکن اور جموں و کشمیر مسلم پرسنل لا بورڑ کے سیکریٹری احمد عیاز نے موصوف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملتِ کشمیر بالخصوص سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا ہے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کشمیری قوم اپنے ایک عزیز و عظیم شخصیت و اعلیٰ پایہ کے عالم دین سے محروم ہوئی ہے ۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت نصیب کریں۔ انجمن علماء وائمہ مساجد کے امیر حافظ عبدالرحمان اشرفی ، مہتمم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ کولگام نے مفتی اعظم کی وفات پر رنج و غم کااظہار کیا ہے اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 
 
 

صلاح الدین کا اظہار رنج

مظفرآباد//متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب سربراہ سید صلاح الدین نے جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی اعظم تحریکِ آزادیٔ کشمیر سے والہانہ محبت رکھتے تھے۔ انہوں نے مرحوم کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔