جموں//جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم نے عام لوگوں کو اپنے مسائل حل کرنے کیلئے اعلیٰ حکام تک رسائی سے محروم رکھنے پربرہمی کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ اعلی عہدوں جیسے ڈپٹی کمشنر،ایس ایس پی اورڈی جی کے عہدوں پر فائز رہ چکے مقامی افسروں کو اب کم اہمیت والے عہدوں پرتعینات کیاگیا ہے ،جبکہ کلیدی انتظامی عہدوں پر غیرمقامی افسروں کو ترجیح دی گئی ہے جس وجہ سے مقامی لوگوں کے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے کیوں کہ غیرمقامی افسرمقامی لوگوں کی زباں سے ناآشنا ہوتے ہیں اوروہ ان کے مسائل کاازالہ نہیں کرتے۔وانی نے کہا کہ ہمارے یہاں مقامی آئی اے ایس،آئی پی ایس ،کے اے ایس، کے پی ایس اور دیگرسینئر افسروں کو معقول تعداد دستیاب ہے،جومقامی لوگوں کے مسائل ومشکلات سے آگاہ ہیں اور وہ ان کا سدباب کرسکتے ہیں ۔ وانی نے کہا کہ آئی اے ایس،آئی پی ایس،کے اے ایس اور کے پی ایس افسروں جنہوں نے اپنے کیئریر کے دوران شاندار خدمات انجام دی ہیں ،کوسول سیکریٹریٹ میں رکھاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مفادعامہ میں ہوتا اگران افسروں کو سیکریٹریٹ اوراس سے باہر صوبائی اور ضلع سطح پراہم عہدوں کو تعینات کیاجاتاتاکہ مقامی آبادی کوراحت ملتی کیوں کہ وہ لوگوں کی زبان اور انہیں درپیش مشکلات سے واقف ہیں ۔
مفاد عامہ میں مقامی افسروں کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جائے: وانی
