مغل شاہراہ 2گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد بحال

 

سمت بھارگو

راجوری//پونچھ ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے دائرہ اختیار میں آنے والے رتہ چھم کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد اتوار کی سہ پہر مغل روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت دو گھنٹے تک معطل رہی۔سلائیڈ اس مقام پر ہوئی جہاں دو ہفتے قبل ایک بڑا لینڈ سلائیڈ ہوا تھا جس کی وجہ سے سڑک ایک ہفتے سے زیادہ بند رہی تھی۔حکام نے بتایا کہ اتوار کی سہ پہر پہلے سے متاثرہ جگہ پر ایک تازہ لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ڈی ٹی آئی مغل روڈ نے بتایا کہ ’’اس تازہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک کی بندش کے ساتھ سلائیڈ کلیئرنس کا کام شروع کیا گیا اور سڑک چند گھنٹوں میں بحال ہو گئی‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دوپہر کے اوقات میں ٹریفک کی بندش کی وجہ سے متعدد گاڑیاں سڑک پر پھنس گئیں لیکن بعد میں مرحلہ وار طریقہ سے ان کونکال دیا گیا۔