مغل شاہراہ کے ذریعہ واپسی پر 23مزدور قرنطینہ منتقل

تھنہ منڈی //وادی کشمیر سے مغل شاہراہ کے ذریعہ گھر واپسی کے دوران 23مزدوروں کو انتظامیہ نے طبی جانچ کے بعد تھنہ منڈی کے قرنطینہ مرکز میں 14دنوں کیلئے زیر نگرانی رکھ دیا ہے ۔جمعرات کے روز تھنہ منڈی کے 23 مزدور وادی کشمیر سے مغل شاہراہ کے ذریعہ لوٹ رہے تھے تاہم فوج نے ان کو پشانہ سے دیرہ گلی پہنچایا جس کے بعد تھنہ منڈی انتظامیہ نے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی میں ان مزدروں کا طبی معائینہ کرنے کے بعد قرنطینہ مرکز میں منتقل کر دیا ۔ تھنہ منڈی کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے 23 مزدورکشمیر میں مزدوری کی غرض سے گئے تھے تاین کورو نا وائرس کی روکتھام کیلئے عائد پابندیوں کی وجہ سے وہ اپنے کمروں تک ہی محصور ہو کر رہ گئے تھے ۔لاک ڈائون کے باوجود وہ وادی سے نکلنے میں کامیاب ہو ئے اور پانچھ دنوں تک پیر پنچال پہاڑیوں سے ہوتے ہوئے پوشانہ پہنچے جہاں سے فوج نے ان کو پکڑ کر دیرہ گلی منتقل کیا ۔ان مزدروں میں پنگائی کے 15،منگوٹہ کے 3،گھمبیر گلی کے 3،کوٹرنکہ کا ایک اور بدھل کا بھی ایک ہی مزدور شامل ہے ۔