مغل شاہراہ کی بحالی میں تاخیر

عشرت حسین بٹ
پونچھ//تاریخی مغل شاہراہ سے اگر چہ اس برس قبل از وقت ہی برف ہٹانے کا کام مکمل کر کے شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بنا دیا گیا ہے مگر ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو اس سڑک سے سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ عوام کے مطابق شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی جموں شہر کو فائدہ پہنچانے کی سرکاری سازش ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ خطہ پیر پنچال کے لوگوں کو ہر لحاظ سے وادی جانا جموں کے بجائے بہتر اور نزدیک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بیمار ہو جائے تو وہ پونچھ سے ڈھائی سو کلو میٹر سے زائدمسافت طے کر کے جموں پہنچتے ہیں جبکہ پونچھ سے محض اسی کلو میٹر کی دوری طے کر کے وہ وادی کے کسی بھی طبی مرکز میں اپنا علاج و معالجہ کروا سکتے ہیں۔ عوام کا کہنا تھا کہ خطہ پیر پنچال سے تعلق رکھنے والے متعدد طلباء و طالبات اپنی تعلیم جموں سے وادی نزدیک ہونے کی وجہ سے وادی میں حاصل کرتے ہیں جبکہ لوگ خرید و فروخت کیلئے بھی جموں کے بجائے وادی ہی جانا پسند کرتے ہیں جس کی وجہ سے جان بوجھ کر شاہراہ کر بند رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔عوامی حلقوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جموں شہرکو مبینہ طورپر فائدہ پہنچانے کیلئے شاہراہ کی بحالی میں تاخیر کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر دو ہفتوں میں شاہرہ سے برف ہٹا ئی جاسکتی ہے تو شاہراہ کی بحالی میں غیر ضروری تاخیر کیونکہ کی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مغل شاہراہ کو جلدازجلد بحال کی جائے تاکہ عوام کو فائدہ پہنچ سکے ۔