مغل شاہراہ پر حادثہ

سرنکوٹ//مغل شاہراہ پر مشہور سیاحتی و مذہبی مقام پیر گلی کے نزدیک ایک بس حادثے کاشکارہوکر پہاڑ سے جاٹکرائی جس کے نتیجہ میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں جن میںسے تین کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ بس زیر نمبر JK02NA-8671جولار شریف کنگن سے سرنکوٹ کی طرف آرہی تھی ، پیر گلی کے نزدیک ڈرائیور کے قابوسے باہر ہوکر ایک پہاڑسے جاٹکرائی ۔بس کو ڈرائیور کے قابوسے باہر ہوتے دیکھ کر کچھ مسافروں نے اس سے چھلانگ لگادی ۔اس دوران کل سات افراد زخمی ہوئے جن میںسے تین شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ڈاکٹروں کے مطابق ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے جبکہ دیگر خطرے سے باہر ہیں ۔زخمیوں کی شناخت سکینہ بیگم زوجہ محمد حسین عمر پچاس سال ساکنہ کوٹرنکہ راجوری، لیاقت علی ولد محمد حسین عمر بیس سال ساکنہ کوٹرنکہ راجوری،صغریٰ خاتون زوجہ عبدا لکریم عمر پینتالیس سال ساکنہ کوٹ جرال راجوری، فریدہ دختر غلام نبی عمر بیس سال ساکنہ کوٹ جرال راجوری، شازیہ دختر لعل حسین عمر اٹھارہ سال ساکنہ کوٹ جرال راجوری، جاتی بیگم زوجہ محمد اشرف عمر تیس سال ساکنہ جرال راجوری، محمد شفیع ولد نور محمد عمر پچاس سال ساکنہ کوٹ جرال کے طور پر ہوئی ہے ۔ ان میںسے سکینہ ، لیاقت اور صغریٰ شدید زخمی ہوئے ہیں جن کو ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاہے جبکہ بقیہ افراد کاعلاج سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ میں ہی چل رہاہے ۔ ایس ایچ او سرنکوٹ اجے جموال پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے اور انہوںنے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔