مغل شاہراہ پر تعمیر عوامی شیڈ کچھ ہی عرصہ میں غائب ہوگئے

مینڈھر //خطہ پیر پنچال کو وادی کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ پر تعمیر ہوئے عوامی شیڈ تعمیر کے 2برسوں کے اندر ہی غائب ہوگئے ہیں جبکہ بیت الخلاء میں پانی ودیگر بنیادی سہولیات ہی میسر نہیں ہیں ۔مسافروں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے مسافروں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے دو برس قبل شاہراہ پرکئی ایک جگہوں پر عوامی شیڈ اور بیت الخلاء تعمیر کئے تھے لیکن ان عوامی شیڈ کی تعمیر میں مبینہ طورپر غیر معیاری ساز و سامان استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے شیڈ دو ہی برسوں کے اندر ہی زمینی سطح سے غائب ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ غیر معیاری تعمیر کی وجہ سے علاقہ میں پڑی والی بھاری برف اور تیز ہوا کی وجہ سے ایک بھی شیڈ زمینی سطح پر موجود نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شیڈ وں کیساتھ ساتھ کئی جگہوں پر بیت الخلاء بھی تعمیر کئے گئے تھے جن میں سے اکثر غائب ہوگئے ہیں تاہم کچھ ایک ابھی تک موجود نہیں تاہم ان میں پانی کی کوئی سہولیت میسر نہیں ہے جس کی وجہ سے مسافروں بالخصوص خواتین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔خطہ پیر پنچال کے مکینوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ شیڈ وں کی تعمیر میں استعمال ہوئے ساز و سامان و تعمیراتی عمل کی تحقیقات کروائی جائے جبکہ تعمیر کردہ بیت الخلا ء میں پانی ودیگر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مسافروں کو سہولیات فراہم ہو سکیں ۔