مغل شاہراہ پربدترین ٹریفک جام انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کانتیجہ :شاہنوازچودھری

جموں//پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری نے مغل شاہراہ پر چیکنگ کے نام پرمسافروں کوروزانہ پانچ چھ گھنٹوں تک پوشانہ کے مقام پرروک کررکھنے پرتشویش کااظہارکیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری شاہنوازچودھری نے کہاکہ مغل شاہراہ پرپوشانہ کے مقام پرمسافروں کوہرروزپانچ چھ گھنٹے روک کرچیکنگ کی جاتی ہے جس کی وجہ سے مسافروں جن میں خواتین ،بچے اورمعمربزرگ بھی ہوتے ہیں کوشدیدمشکلات جھیلناپڑتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مغل شاہراہ پرجام میں پھنس کررہناجہاں سہولیات کانام ونشان نہیں ہے لوگوں کیلئے وبال جان بن گیاہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی انتظامیہ بالخصوص ضلع انتظامیہ مغل شاہراہ پربہترڈھنگ سے ٹریفک بحال رکھنے میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ اورپولیس کی ناقص کارکردگی کاخمیازہ عام لوگوں کوبھگتناپڑرہاہے۔شاہنوازچوہدری نے کہاکہ گزشتہ  چند روز سے مسلسل یہ دیکھا جارہاہے  کہ پولیس اورفوج بفلیاز اور پیر گلی کے درمیان پوشانہ کے مقام پر قائم کی گئی چیک پوسٹ پر گاڑیوں اورمسافروں کی سست رفتاری کے ساتھ چیکنگ کرتی ہے جس کی وجہ سے یہاں پربدترین جام لگ جاتاہے اورمسافروں کوپانچ چھ گھنٹے رکے رہناپڑتاہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے لوگ چارگھنٹوں کاسفربارہ گھنٹوں میں کرنے پرمجبورہیں ۔انہوں نے کہاکہ افسوسناک بات ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے جام میں پھنسے مسافروں کوکوئی بھی سہولت نہیں دی جاتی اوران کی مددنہیں کی جاتی۔انہوں نے کہاکہ مریض جوسرینگرجارہے ہوتے ہیں انہیں شدیدکوفت اوراذیت جھیلناپڑتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی چیکنگ لازمی ہے لیکن بغیرکسی منصوبہ بندی کے ایک ہی جگہ پرچیکنگ کرناغیرمناسب ہے۔انہوں نے کہاکہ مغل شاہراہ پرنہ ہی موبائل نیٹ ورک ہوتاہے اور نہ ہی کھانے پینے کیلئے کوئی چیزملتی ہے اس صورتحال میں خواتین،مریضوں اوربچوں وبزرگوں کاجام میں پھنسنانہایت دردناک اورسنجیدہ مسئلہ ہے جس کی طرف انتظامیہ کوتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے مغل شاہراہ پرجام لگ رہاہے ،بدترین ٹریفک جام میں پھنسنے والے بچے بھوک پیاس سے بلکنے پرمجبورہوتے ہیں اوروالدین لاچار۔دریں اثناشاہنوازچوہدری نے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اورڈویژنل کمشنرجموں سے بھی فون پررابطہ کرکے مغل شاہراہ پرجام کی وجہ سے مسافروں کودرپیش پریشانیوں کے بارے میں جانکاری دی اوران سے مانگ کی کہ جدیدطریقہ کاراستعمال میں لاکرچیکنگ عمل میں لاکرمسافروں کوجام لگنے سے بچاکرانہیں راحت پہنچائی جائے۔