مغل شاہراہ ٹریفک کیلئے بدستور بند

راجوری//خطہ پیر پنچال کو وادی کیساتھ جوڑنے والی تاریخی مغل شاہراہ گزشتہ کئی دنوں سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بدستور بند ہے ۔شاہراہ پہلے 23 دسمبر کو برف باری کی وجہ سے بند ہوگئی تھی جس کے بعد 25 دسمبر کو برف صاف کرنے کا آپریشن شروع کیا گیا تھا اور پوشانہ آرمی کیمپ تک سڑک کو بحال کیا گیا تھا لیکن اسے پھرسے بند کردیا گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ پوشانہ سے آگے پیر کی گلی تک برف کی سطح بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے وہاں برف صاف کرنے کا آپریشن کرنا مشکل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی موسم کی خرابی کی پیشگوئی ہے اور برف ہٹا کر سڑک کی بحالی کا کوئی بھی فیصلہ موسمی حالات میں بہتری کے بعد ہی کیا جائے گا۔ڈی ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ صرف پوشانہ تک کا حصہ سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کی نقل و حرکت کیلئے کھلا ہے۔