مغل شاہراہ …ٹرک ڈرائیوروں کا پولیس پر رشوت لینے کا الزام

پونچھ//تاریخی مغل شاہراہ پر تعینات پولیس پر من مانی اور رشوت لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیوروں نے کہاہے کہ انہیں بلاوجہ تنگ طلب کیاجاتاہے ۔شاہراہ پر پولیس کے کئی جگہوں پر ناکے ہوتے ہیں جہاں مالبردار اور مسافرگاڑیوں کی چیکنگ کی جاتی ہے ۔شاہراہ پر سفر کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں نے ضلع پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ جگہ جگہ ان سے پیسے وصول کئے جاتے ہیں ۔ایک ڈرائیوررگبیر سنگھ نے بتایا کہ وہ ایک مہینے میں تین یا چار دفعہ بیرون ریاست سے وادی کشمیر کے لئے اشیاء خوردنی و دیگرسامان لاتے ہیں ،باوجود ان کے پاس تمام تر قانونی لوازمات ہوتے ہیں ، پولیس زبردستی پیسے وصول کرلیتی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ بغیر کسی وجہ کے ان کو تنگ کیاجارہاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈرائیور پولیس اہلکاروں کو پیسہ نہیں دے گاتوگاڑی کے کاغذات ہی چھین لئے جاتے ہیں ۔رابطہ کرنے پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ اگر کوئی بھی اہلکار رشوت میں ملوث پایاگیاتو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگران الزامات کے ثبوت دیئے جائیں تو کارروائی کی جائے گی۔