مغل شاہراہ مسلسل دوسرے روز بھی بند رہی | برف ہٹانے کا عمل شروع ،جلد ہی ٹریفک بحال ہونے کی امید

مینڈھر //جموں وکشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہوئی برفباری کی وجہ سے بند مغل شاہرا ہ کی بحالی کیلئے سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ موسم صاف رہنے پر جلد ہی شاہراہ کو بحال کرنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔گزشتہ دنوں ہوئی برفباری کی وجہ سے دوسرے روز بھی مغل شاہراہ پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی ۔جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ پر تعینات میکینکل شعبہ کی جانب سے شاہراہ کی بحالی کیلئے برف ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے جس کے چلتے پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن کی جانب سے مغل شاہراہ کو پیر کی گلی تک صاف کر دیا گیا ہے جبکہ شوپیاں کی جانب سے بھی شاہراہ سے برف کلیئر کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔متعلقہ شعبہ کے ایک اعلیٰ آفیسر نے بتایا کہ مغل شاہراہ کو بحال کرنے کیلئے پیر گلی تک برف ہٹا لی گئی ہے ۔ایس او ٹریفک شوپیاں نے بتایا کہ شوپیاں کی جانب سے بھی برف ہٹانے کا عمل شروع کیا گیا ہے جبکہ موسم ساز گار رہنے پر شاہراہ سے برف ہٹانے میں مزید ایک دن لگے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کی بحالی اعلیٰ حکام کے فیصلے تک مطا بق ہی ہو گئی ۔