مغل شاہراہ سے بھاری کھیپ میں منشیات برآمد

راجوری//ایک بڑی کارروائی کے طور پرپولیس نے مغل شاہراہ پر سفر کررہے ٹرک سے بھاری کھیپ میں منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اتوار کے روز گیارہ بجے پولیس کو یہ اطلاع ملی کہ کشمیر سے آرہے ایک ٹرک کے ذریعہ منشیات سمگل کی جارہی ہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے فوج اور پولیس کی طرف سے مشترکہ آپریشن شروع کیاگیا ۔ اس دوران ڈی وائی ایس پی سرنکوٹ اصغر ملک اور ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر نے ایڈیشنل ایس پی پونچھ انوار الحق کی سربراہی میں فوج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مغل شاہراہ پر اٹھائیسویں کلو میٹر پر ناکہ لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ شرو ع کی ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ ایک ٹرک زیرنمبر HR69A 6524کی تلاشی کے دوران سیب کی پیٹیوں کے اندر سے 200کلو گرام خشخاس (Popy Straw)برآمد ہوئی جس پر اس ٹرک کے ڈرائیور بلجندر سنگھ ولد کندن سنگھ ساکن ٹھاٹی کارا اور کنڈیکٹر سکاتر سنگھ ولد جسبیر سنگھ ساکن پٹی کو حراست میں لے لیاگیاہے ۔انہوںنے بتایاکہ ٹرک کو ضبط کرلیاگیاہے اور اس سلسلے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کا کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ایڈیشنل ایس پی پونچھ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔دریں اثناء فوج کی طرف سے جاری ہوئے پریس بیان میں بتایاگیاہے کہ منشیات سیکورٹی خطرہ بن گیاہے کیونکہ اس کے تار جنگجوگروپوںسے جڑے ہوئے ہیں ۔