مغل شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام مکمل کرلیا گیا

سرنکوٹ// اتوار کی صبح تازہ برف باری کی وجہ سے بند ہونے والی مغل شاہراہ پرحکام نے برف صاف کرنے کا آپریشن مکمل کر لیا ہے لیکن شدید پھسلن کی وجہ سے ٹریفک پولیس کی جانب سے کسی گاڑی کو سڑک پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔پونچھ کے بفلیاز کو شوپیاں ہیر پورہ سے جوڑنے والی تاریخی شاہراہ سرینگرجموں قومی شاہراہ کے متبادل کے طور پر بھی کام کر رہی ہے اور یہ اتوار کی صبح برف باری کی وجہ سے بند ہو گئی تھی جبکہ جموں و کشمیر حکومت کے میکینکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے برف صاف کرنے کا آپریشن شروع کیا گیاجبکہ منگل کی شام کو مکمل کر لیا گیا۔شعبہ میکینکل کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کمل جیوتی شرما نے بتایا کہ پونچھ کی طرف سے برف صاف کرنے کا آپریشن پیر کی شام دیر گئے مکمل ہوا اور پونچھ ضلع کے دائرہ اختیار سے سڑک برف سے صاف ہے۔تاہم برف صاف کرنے کے آپریشن کی تکمیل کے بعد بھی ٹریفک ایجنسیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک سطح کا مناسب معائنہ نہیں کیا جاتا، سڑک پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ سڑک برف سے صاف ہے اور پونچھ اور شوپیاں دونوں اطراف میں برف صاف کرنے کا آپریشن مکمل ہو چکا ہے،لیکن اس کے باوجود بھی گاڑیوں کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ پر شدید پھسلن پیدا ہوا ہے جبکہ بدھ تک بہتری کی توقعہ کی جاسکتی ہے لیکن شاہراہ پر بہتری نہ آنے تک گاڑیوں کی آمد ورفت کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔