مغل شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام مکمل کرلیا گیا

پونچھ //خطہ پیر پنچال کو وادی کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ پر برف ہٹانے کا آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ میکینکل شعبہ نے مشینری کو مزید صفائی ستھرائی کیلئے تعینات کر دیا ہے تاکہ شاہراہ کو مکمل طورپر بحال کر کے انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے ۔محکمہ میکینکل کے ایک اعلیٰ آفیسر نے بتایا کہ برف ہٹانے کا عمل دونوں جانب سے مکمل کر نے کے بعد شاہراہ کی مشکل جگہوں پر پسیوں کا ملبہ و دیگر ملحقہ علاقہ کی باقی بچی ہوئی برف کو ہٹانے کا عمل شرو ع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ ایک سے دو دنوں میں مغل شاہراہ کو انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کی بحالی کیلئے انتظامیہ کی جانب سے عملی اقدامات اٹھائے جائینگے ۔غور طلب ہے کہ ہر برس سردیوں بالخصوص برفباری کے بعد بند ہو نے والی مغل شاہراہ کی بحالی کیلئے رواں برس کے مارچ ماہ سے میکینکل شعبہ کی جانب سے مشینری کے ذریعہ برف ہٹانے کا عمل سرنکوٹ اور شوپیاں کی جانب سے شروع کر دیا تھا ۔کچھ دن قبل ہی سرنکوٹ کی جانب سے مشینری پیر گلی تک پہنچ گئی تھی جبکہ اب شوپیاں کی جانب سے بھی مشینری پیر کی گلی تک پہنچ گئی ہے ۔دوسری جانب خطہ پیر پنچال کے مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہ کو جلدازجلد بحال کیا جائے تاکہ خطہ کے مریضوں کیساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر ہو سکیں ۔