مغل شاہراہ اگلے ہفتے کھل جائیگی | معقول حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی صورت میں ضلع پونچھ کے متاثر ہونیکا خدشہ

منڈی//خطہ پیر پنچال کو وادی کشمیر سے ملانے والی مغل شاہراہ کو اگلے ہفتے کھولاجارہاہے تاہم کئی لوگوں کے اذہان میں یہ خدشات ہیں کہ معقول حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی صورت میں ضلع پونچھ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتاہے جو ابھی تک اس عالمی وباسے محفوظ رہاہے ۔لوگوں کے خدشات کو اس وجہ سے بھی تقویت مل گئی ہے کیونکہ گزشتہ روز راجوری کے تھنہ منڈی علاقے سے جو مریض کورونا میں مبتلا پایاگیاہے اس کی ٹریول ہسٹری کشمیر کی ہے ۔پونچھ اور راجوری کے لوگوں کاکہناہے کہ مغل شاہراہ کو تبھی آمدورفت کیلئے کھولاجائے جب تمام تر احتیاطی اقدامات دستیاب ہوں نہیں تو اس روڈ کو فی الحال بند ہی رکھاجاناچاہئے کیونکہ کشمیر کے ہر ضلع میںکورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے اور نامعقول بندوبست سے یہ دونوں اضلاع بھی متاثر ہوسکتے ہیں ۔پونچھ حویلی کے سابقہ ممبر اسمبلی شاہ محمد تانترے نے اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی کے مختلف اضلاع میں اس وقت کورونا وائرس کے متعدد معاملات سامنے آئے ہیں اور مغل شاہراہ کے کھلنے سے وادی سے راجوری پونچھ کی طرف آنے والے لوگوں کی وجہ سے دونوں اضلاع اس عالمی وبا کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس برس کورونا وائرس کے چلتے مغل شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدو رفت کے لئے بالکل بند رکھاجاناچاہئے ۔چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر غلام نے بتایا کہ مغل روڈ کھلنے کے بعد اگر اس راستہ سے کوئی بھی کورونا مشتبہ کیس سامنے آتا ہے تو اس کے لئے محکمہ کی جانب سے ضلع ہسپتال پونچھ میں ہی وائرس کی جانچ کے نمونے اکھٹے کرنے کا انتظام رکھا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایسے لوگوں کے لئے ضلع کی ہر تحصیل میں قرنطینہ مراکز بھی قائم ہیں اور انہیں قرنطینہ کردیاجائے گا۔رابطہ کرنے پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ ایک ہفتہ کے بعد مغل شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھولاجارہاہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے کسی بھی شاہراہ کو بند نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہا کہ اگر وائرس کی وجہ سے سڑکوں کو بند کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے تو پھر جموں پونچھ شاہراہ کو بھی بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے کوروناسے نمٹنے کیلئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں اور وادی سے ہر آنے جانے والے شخص پر نظر رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ پر متعدد جانچ پوائنٹ رکھے گئے ہیں جن سے جانچ کرنے کے بعد ہی لوگوں کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔