مغربی ہوائوں کی دوہری یورش کی ایڈوائزری جاری| وادی میں برفباری اور بارشوں کا آغاز

سرینگر // محکمہ موسمیات نے 3سے 9 جنوری تک جموں و کشمیر اور لداخ میں موسمیاتی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے2بار درمیانہ سے بھاری برف باری جاری کی ہے۔پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ موسم میں خرابی کی وجہ سے زمینی اور فضائی رابطو ں بھی رکاوٹیں پیدا ہوں گی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے علاوہ بجلی سپلائی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔اس دوران محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سوموار کی رات گئے شمالی، جنوبی اور وسطی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو رات بھر جاری تھا ۔پیر کی شام دیر گئے سرینگر شہر میں ہلکی بارش شروع ہوئی جبکہ رات 11بجے سے ہلکی برفباری کا آغاز ہوا۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے بالائی علاقوں پہلگام ، اچھ بل ، ویری ناگ ، اہر بل، پیر کی گلی، اہر بل سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی برف باری کا آغاز ہوا جبکہ اننت ناگ ، کولگام ، پلوامہ ، شوپیاں کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ سونہ مرگ،زوجیلہ، گلمرگ ، ٹنگمرگ ، بابا ریشی ،حاجی پیر سیکٹر اوڑی اور رفیع آباد کے بالائی علاقوں میں بھی برف ہو رہی تھی۔بڈگام کے چرارشریف ، یوس مرگ ، دوھ پتھری میں برف باری ہورہی تھی ۔ادھر بانڈی پورہ کے رازدان ٹاپ میں شام دیر گئے برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہورہی تھیں۔ کپواڑہ ضلع کے بالائی علاقوں نستہ چھن پاس ، پھرکیاں ٹاپ ، زیڈ گلی ، جمگنڈ ، بڈنمل ، شمس بری پہاڑی ، بنگس وادی سمیت دیگر علاقوں میں رات دیر گئے بھاری برف باری کا سلسلہ شروع ہوا۔ کشمیراورجموں صوبوں کے ڈویژنل کمشنروں کے نام 3جنوری 2022کوایک ایڈوائزری زیرنمبرW S(Adv)-01جاری کی گئی ہے ، جس میں کہاگیاہے کہ ’’ مغربی ہوائوں کی دہری یورشجموں و کشمیر اور لداخ میں 3 جنوری (رات گئے سے)  9 جنوری (دوپہر) 2022 تک موسم کو متاثر کرسکتی ہے‘‘۔ مغربی ہوائوں کے اثر انداز ہونے کے باعث3جنوری سے ہلکی برف باری اوربارشوں کاسلسلہ شروع ہوگا،جس میں پھرآنے والے دنوںمیں وسیع پیمانے پرشدت آجائے گی ۔ایڈو ائزری میں کہاگیاہے کہ ’’ جموں، کشمیر اور لداخ کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر درمیانی بارش اور برف باری کی توقع ہے۔ 3 جنوری کی شام سے کشمیر کے چند مقامات پر ہلکی بارش/برفباری شروع ہوگی اور اس کے بعد اسکی شدت میں اضافہ ہوگا۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس سسٹم کی اہم سرگرمی  زیادہ تر5 اور 8 جنوری کے دوران درمیانی یا بھاری برفباری ہوگی، اور اس کے بعد بتدریج کمی کا امکان ہے۔ایڈاوئزری میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نظام کی وجہ سے خاص طور پر جموں ڈویژن کے پیرپنجال رینج (بھدرواہ سے بانہال تک)، کشمیر کے بالائی علاقوں (گلمرگ، سونہ مرگ، بارہمولہ ،کپواڑہ، اور لداخ میں دراس سب ڈویژن) میں شدید بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ ایڈوائزری میں خبردارکیاگیاہے کہ سڑک اور فضائی ٹریفک میں رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ برفانی تودے گرنے اور دن کے درجہ حرارت میں کمی ہوگی۔ممکنہ اثرات کے بارے میںایڈوائزری میں کہا گیاہے کہ جموںسرینگرو سرینگرلیہہ شاہرائیں (زوجیلا پاس)، لیہہ منالی، مغل روڈ، سادھنا  اور رازدان پاس میں زمینی ٹریفک شدید طور پر متاثر ہوسکتا ہے جبکہ فضائی سروس میں بھی خلل پڑ سکتا ہے۔ایڈوائزری میں لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرآنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردارکیاہے کہ برف سے منسلک علاقوں میں لوگوں کو شدید برف باری کے دوران ڈھلوان والے علاقوں میں جانے سے گریز کرنا چاہیے۔ایڈوائزری میں میں لکھا گیا ہے’لوگوں کو مناسب وینٹی لیشن برقرار رکھنے کا بھی مشورہ دیا جاتا ہے‘۔جموں اور کشمیر انتظامیہ نے بھی ایڈوائزری جاری ہونے کے بعد تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔صوبائی کمشنروں نے ماتحت عملہ سے کہا ہے کہ وہ چوکس رہیں تاکہ لوگوں کو برفباری کے دوران کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ادھر سوموار کو دن بھر موسم ابرآلود رہا جبکہ شبانہ درجہ حرارت میں پھر سے بہتری دیکھنے کو ملی  اور سرینگر میں اتوار اور سوموار کی درمیانی رات 3.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ گلمرگ میں منفی5.8 ، پہلگام میںمنفی3.0 ڈگری اورکپوارہ میں 2.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔