مغربی ہوائوں کی آمد: بارشوں یا ہلکی برفباری کا امکان

سرینگر //محکمہ موسمیات  نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران وادی کے کچھ ایک بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔اتوار پورے دن آسمان پر کالے بادل چھائے رہے اور بیچ بیچ میں ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں۔ مطلع ابرالود رہنے کے دوران اگرچہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت میں گذشتہ رات کے مقابلے میں بہتری آئی تاہم اس کے باوجود بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہی رہا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی  0.4ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس سے قبل کی رات کو سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2تھا ۔ پہلگام میںمنفی3.0 اور گلمرگ میں منفی 6.3ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ میں منفی 1.2،کپوارہ میں منفی 2.2 ،کوکرناگ میں منفی 0.4،لداخ میں منفی 5.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق تازہ مغربی ہوائوں نے وادی کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے جس کا اثر وادی میں دیکھنے کو ملے گا ۔