عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال اور ڈائریکٹر لاء انفورسمنٹ جموں و کشمیر محمد الیاس خطیب نے جمعرات کو متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ میں محکمہ زراعت کے کام کاج کا جائزہ لیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے کہا کہ محکمہ اس خطے کی کاشتکار برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ محکمہ کے ایکسٹینشن ونگ افسران کے ساتھ قریبی تال میل میں رہیں تاکہ محکمے کے مجموعی کام میں موثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کاشتکاروں اور کسانوں میں معیاری کیڑے مار ادویات، کھادوں اور بیجوں کی آسانی سے تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے نظام میں شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر لاء انفورسمنٹ جموں و کشمیر محمد الیاس خطیب نے کہا کہ محکمہ کے قانون نافذ کرنے والی ونگ کا بنیادی مقصد مناسب وقت پر مناسب فروخت کے مراکز کے ذریعے خطے کی کاشتکار برادری کو معیاری ان پٹ کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ کسانوں کو آن لائن خدمات کی فراہمی کیلئے تمام تر کوششیں کریں۔ خطیب نے کہا کہ فیلڈ میں کام کرتے ہوئے متعلقہ افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ کیڑے مار ادویات ایکٹ، فرٹیلائزر کنٹرول آرڈر کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔