جموں // خوراک،شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کل کہا کہ نجی تعلیمی ادارے معیار ی تعلیم فراہم کرنے میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں اور حکومت ریاست میں خواندگی کی شرح بڑھانے میں ان اداروں کی کوششوں کو سراہتی ہے ۔وزیر جنرل زور آور سنگھ آڈیٹوریم میںمنعقدہ ایک سالانہ دِن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا موضوع ’’ مائی ارتھ‘‘ تھا اور جس کا اہتمام مائونٹ لٹرازی سکول ترور نے کیا تھا۔ارکان قانون سازیہ فردوس احمد ٹاک، اعجاز احمد میر، ریجنل سکول ڈائریکٹر زی لرن انڈیا امیتا چترویدی، سکول کے چیئرمین، اساتذہ ، والدین اور طلاب اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کے میدان میں شرح خواندگی میں بہتری لانے کے سلسلے میں کئی اختراعی اقدامات کئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ نئی نسل اپنی محنت ، ایماندار اور لگن سے اپنا نام روشن کرنے کے علاوہ اپنے ملک کو چار چاند لگا سکتے ہیں ۔انہوں نے تمام تعلیمی اداروں کے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تمام سطحوں پر طلاب کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کریں۔وزیر موصوف نے سکول انتظامیہ کی کوششوں کی ستائش کی جنہوں نے شروع سے ہی بچوں کو بہتر تربیت اور اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کے سلسلے میں تمام تر کوششیں انجام دیں۔اس موقعہ پر سکول کے طلاب سے ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیا۔ وزیر نے سکول کا پہلا سالانہ میگزین ’’لٹرا ٹائمز ‘‘ جاری کیا۔
معیاری تعلیم کیلئے اداروں اور اساتذہ کا رول اہمیت کا حامل: ذوالفقار
