معصوموں کا لہو ناقابل فراموش

سرینگر/حریت (گ)،حریت (ع)، تحریک حریت،مسلم لیگ، پیپلز لیگ، سالویشن مومنٹ ،پیروان ولایت ،ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ ، اور اسلامک پولیٹکل پارٹی نے زینہ پورہ شوپیان  جھڑپ میں جاں بحق ہوئے دو جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِن معصوموں کے لہو کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جائے گا ۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔آونیورہ شوپیان میں عامر احمد راتھرکے جلوس جنازہ سے ٹیلیفونک خطاب میں حریت رہنما نے کہا کہ اِن معصوموں کے لہو کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جائے گااور ہم ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ حریت رہنما نے اس امر پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ بھارت اپنے نشۂ قوت میں چور ہوکر زمینی حقائق کو تسلیم کرنے سے بڑی ڈھٹائی کے ساتھ انکار کررہا ہے اور ہماری حقِ خودارادیت کی تحریک کے خلاف ظلم، جبر اور بربریت پر انحصار کرتا آیا ہے۔ انہوںنے عوام بالخصوص نوجوان نسل کی قربانیوں کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگ تحریک آزادی کے ساتھ والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور ان کے جذبۂ آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت دبانے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ حریت (ع)چیرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان اپنے پیدائشی حق کے حصول کیلئے آئے روز اپنا گرم گرم خون نچھاور کررہے ہیں اور کشمیری عوام روزانہ ہی اپنے عزیزوں اور لخت جگروں کا جنازہ اٹھا رہے ہیں اس کے باوجود انکے عزم اور استقامت میں کوئی کمزوری نہیں آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی حق و انصاف پر مبنی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک لیجانے کیلئے مزاحمتی قیادت اور عوام کو استقامت اور یکسوئی کا بھر پور مظاہرہ کرکے اپنی پر امن جدوجہد کو ہر قیمت پرجاری رکھنا ہوگا تبھی کشمیری عوام اپنا ہدف حاصل کرسکتی ہے۔اس دوران حریت ترجمان نے سرکاری فورسز کی جانب سے وادی کے مختلف علاقوں خاص طور پر سملر بانڈی پورہ میں تلاشی کارروائیوں کے دوران آبادی کو غیض و غضب کا نشانہ بنانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فورسز عوام کے جذبا ت اور احساسات کو دبانے کیلئے نہ تو کسی قانون اور ضابطے کی پاسداری کرتی ہے اور نہ ہی انسانی حقوق کا پاس و لحاظ رکھا جاتا ہے جو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان ہماری قوم کے ہیرو ہیں جن کی قربانیاں کشمیر کی تاریخ میں سنہری حروف سے رقم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں نسل کُشی کررہا ہے اور ہم نے آج تک تحریک آزادی کی خاطر عظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور ہمارے پاس اس کے بغیر اور کوئی چارۂ کار نہیں ہے کہ ہم بھارت سے نجات پانے کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں۔ جموں کشمیر کی المناک صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحریک حریت چیرمین نے یو این سکیورٹی کونسل اوراسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے اجلاس طلب کریں، جس میں جموں کشمیر کے نہتے عوام کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ مسلم لیگ کا ایک وفد جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی کی قیادت میں صفا نگری اور آونیرہ شوپیان گیا جہاں انہوں نے ادریس احمد میر اور عامر حسین راتھر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔وفد سجاد ایوبی، منظور للہاری، عبدالرشید، ہلال احمد اور عبدالرشید بٹ پر مشتمل تھا۔پیپلز لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع اور لیگ کے ہی ایک اور گروپ کے سینئر وائس چیئر مین محمد یاسین عطائی ،سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ ،پیروان ولایت کے جنرل سیکریٹری ،ڈیمو کر ٹیک پو لیٹکل مو منٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ اوراسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔
 

حزب کا خراج عقیدت

 سرینگر// حز ب المجا ہدین نے شوپیان معرکہ میں جاںبحق ہوئے جنگجوئوں محمد ادریس اور عامر حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری نوجوان اپنی پیدائشی حق کی خاطراپنے گرم گرم لہو سے اس تحر یک آزادی کو ہردن ایک نئی جلا بخش رہے ہیں۔سی این ایس کے مطابق  حز ب المجاہدین کے آپریشنل ترجمان برہان الدین نے کہا کہ تنظیم کے نائب امیر سیف اللہ خالد اورب فیلڈ کمانڈر محمدبن قاسم نے دونوں جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔