معززین اور تاجروں کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات

راجوری //راجوری کے معززین ، تاجروں اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندگان نے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کے ساتھ ملاقات کرکے کئی ترقیاتی کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔معززین اور تاجروں کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شروع کی گئی ناجائز تجاوزات مخالف مہم کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں ہر طرح کا تعاون دینے کا یقین دلایا ۔ انہوںنے کہاکہ اس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور سڑکیں کشادہ ہوںگی جبکہ پارکیں اور پارکنگ زون میں قائم ہوںگے جس سے ٹریفک کی نقل و حرکت میں بھی آسانی ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ شہر میں دیگر اثاثے بھی قائم ہوسکتے ہیں ۔ تاہم انہوںنے مانگ کی کہ ان افراد کی بازآبادکاری عمل میں لائی جائے جو اس مہم کی وجہ سے گھروںسے بے دخل ہوگئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ گلی کوچوں میں کاروبار کرکے ذریعہ معاش تلاش کرنے والوں کا بھی خیال رکھاجائے اور ساتھ ہی شہر میں پانی کی نکاسی کا انتظام کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ بس اڈہ کی توسیع کی جائے اور مختلف مقامات پر پارکنگ زون بنائے جائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے مقامی لوگوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی نکاسی اور بس اڈہ کی اپ گریڈیشن کامعاملہ بھی زیر غور ہے اور اس پر کام بھی ہورہاہے جبکہ وہ ایک اور بس اڈہ اور اجڑے کاروباریوں کیلئے مارکیٹ بنانے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ جواہر نگر ، سلانی ، کھیورہ ، درہالی ، بیلہ ، عبداللہ پل اور دیگر مقامات پر پارکنگ زون بنائے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر کام جاری بھی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ گوجرمنڈی سڑک کی کشادگی اور خوبصورتی ،بیلہ میں پارک کی تعمیر اور بس اڈہ پر تارکول بچھانے سمیت کئی دیگر پروجیکٹوں پر بھی کام ہوگا۔اس موقعہ پر دنیش شرما، سبھاش شرما، سشیل کمار شرما، شفقت میر ، خورشید جانم ، محمد اسلم ، یوگیش شرما، ستپال شرما، راجندر سنگھ ، عبدالرشید لون ، لولی گپتا ، یوگراج شرما، یوسف بٹ ، یوسف وانی ، مجید بٹ ، طاہر لون ، وجے کمار ، پربودھ جسیال ، راجیش گپتا اور دیگر ان بھی موجو دتھے ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالقیوم میر ، سی پی او اے ایچ چوہدری اور تحصیلدار ایس ڈی چوہان نے بھی شرکت کی ۔