معروف گوجری گلوکارہ بیگم جان کے اعزاز میں تقریب

سرینگر//جموں وکشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجزکے اہتمام سے لال منڈی میں اکیڈیمی کے سمینار ہال میں معروف گوجری گلوکارہ بیگم جان کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔تقریب پر سابق وزیر اور ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد مہمان خصوصی تھے جبکہ اکیڈیمی کے سیکرٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی اور چیف ایڈیٹر ڈاکٹر جاوید راہی بھی ایوان صدرات میں موجود رہے ۔اس موقعہ پر موسیقی کا ایک مختصر پروگرام منعقد ہوا جبکہ گلوکارہ کے ساتھ بات چیت کی گئی ۔میاں الطاف احمد نے گوجری زبان اورثقافت کے تئیںبیگم جان کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ بیگم جان نئی نسل کے لئے ایک رول ماڈل ہے ،جو قبائیلی آرٹ اور ثقافت کے میدان میں جد و جہد کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بیگم جان نے گوجری کے روایتی موسیقی کوفروغ دینے کیلئے اہم کردار ادا کیا اور انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈاکٹر عزیز حاجنی اور ڈاکٹر جاوید راہی نے بھی بیگم جان کی تعریف کرتے ہوئے قبائیلی موسیقی کی خدمت میں بیگم جان کا کوئی ثانی نہیں ہے ۔اس موقعہ پر بیگم جان نے کہا کہ گورجری موسیقی کو فروغ دینے میں انہیں مشکلات درپیش آئے ۔انہوں نے نئی نسل پر زور دیا کہ وہ گوجری کی پرانی روایات کو سیکھیں ۔