سرینگر//معروف براڈ کاسٹر ، نقاد،قلمکار اور تاریخ دان اوتار کشن رہبر کا انتقال ہوگیا۔انہوں نے30جولائی کو نئی دلی کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔
اوتار کشن رہبر کی آخری رسومات جمعہ کو نوئڈا میں ادا کی گئیں جہاں وہ آج کل مقیم تھے۔
رہبر سرینگر کے فتح کدل علاقے میں1933کو پیدا ہوئے تھے۔انہوں نے اپنے کیریئر کا آغازبرن ہال سکول میں استاد کی حیثیت سے کیا اور بعد ازاں انہوں نے ریڈیو کشمیر سرینگر کیلئے سکرپٹ رائٹر کا کام شروع کیا جہاںوہ بعد میں اسسٹنٹ پروڈیوسر کے عہدے تک پہنچ گئے۔ وہ اسسٹنٹ سٹیشن ڈائریکٹر کے عہدے پر سبکدوش ہوگئے۔
اوتار کشن رہبر کئی مشہور پروگراموں کے پیشکار تھے جن میں ’رائے ترائے‘،رنگ ہا‘ وغیرہ شامل تھے۔
انہوں نے ’بڈشاہ‘،’ریہہ تہ آب‘،’اولاد‘ وغیرہ جیسے تاریخی ڈرامہ بھی لکھے ہیں۔وہ کشمیری ادب کی تاریخ’ کاشرِ ادبچ تاریخ‘ کے بھی مصنف ہیں۔
جموں کشمیر کلچرل کونسل اور مانسبل ڈراماٹکس نے اوتار کشن رہبر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔