معراج النبیؐ کی اختتامی تقریب آج منائی جارہی ہے

 سرینگر//وادی بھر میں آ ج معراج العالم کی اختتامی تقریب تزک واحتشام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ اس مناسبت سے آثارشریف درگاہ حضرتبل اوروادی بھر کی مساجد وخانقاہوںمیں عظیم الشان اجتماعات اوربابرکت مجالس کاانعقاد ہوگاجس دوران علماء فلسفہ معراج پر روشنی ڈالیں گے۔ ادھر سیول اور پولیس انتظامیہ کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر بینک اور کئی سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور انجمنوں نے سہولیات کیلئے مختلف نوعیت کے انتظامات کئے ہیں۔ صوبائی انتظامیہ کشمیر اورضلع انتظامیہ سرینگر نے مختلف سرکاری اداروں ،جموں وکشمیر بینک اورکچھ رضاکار انجمنوں واداروں کے اشتراک سے درگاہ حضرتبل آنے والے عقیدتمندوں اورعاشقان رسولؐ کوہرممکنہ سہولیات بہم رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں سے حضرتبل پہنچنے والی نجی اورمسافربردار گاڑیوں کیلئے ٹریفک نظام کا اعلان کیاہے ،جسکے تحت گاڑیوں کی آواجاہی کیلئے الگ الگ روٹ مقررکئے گئے ہیں۔ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے کشمیر یونیورسٹی کے احاطے میں مناسب انتظامات بھی کئے گئے ہیں، تاکہ درگاہ حضرت بل آنے والے افرادکو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ درگاہ حضرتبل میںسب سے بڑی تقریب منعقد ہورہی ہے ۔درگاہ جانے والے زائرین کیلئے اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی طرف سے خصوصی بسوں کا انتظام کیاگیاہے۔ اس وران آستان عالیہ دستگیر صاحب ؒسرائے بالا و خانیار، چرار شریف، جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ،سید صاحب سونہ وار ،آثار شریف شہری کلاش پورہ ، زیارت مخدوم صاحبؒ اورخانقاہ معلی کے علاوہ ، کھرم ، آثار شریف پنجورہ شوپیان،اہم شریف بانڈ ی پورہ،کعبہ مرگ اننت ناگ میں بھی تقریبات منعقد ہورہی ہیں ۔