معراج العالمؐ کی اختتامی تقریبات پر روح پرور اجتماعات

 
سرینگر//و ادی بھر میںمعراج العالم کی مناسبت سے جمعتہ الوداع کے موقعہ پر روح پرور اور با وقار مجالس کا اہتمام کیا گیا جبکہ آثار شریف حضرتبل میںہزاروں عاشقان رسول ﷺ رات بھر شب خوانی ، ذکر وازکار ، قرآن خوانی ، دروداسلام ، نمازوں کی ادائیگی اور خطمات المعظمات کی پُر نور مجالس میں محو رہنے کے بعد جمعہ کو نماز فجر ادا کرنے کے بعدموئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہوئے جبکہ یہ سلسلہ پانچوں نماز کے مواقعوں پر جاری رہا ۔ پوری رات درگاہ حضرتبل اور اسکے گرد نواح میں درود وازکار کی گونج سنائی دی جس کے نتیجے میں پورا علاقہ معطر ہوا ۔پورے دن درگاہ حضرتبل عقیدت مندوں کا آنا جاری رہا جبکہ اس دوران نمازجمعہ کے موقعہ پرہزاروں فرزندان توحید موئے مقدس ﷺ کے دیدار سے فیضاب ہوئے ۔ اس موقعہ پر یہاں انتہائی جذباتی اور رُوح کو زندہ کرنے والے مناظر دیکھے جاسکتے تھے کیونکہ موئے مقدس ﷺ کا دیدار کرنے والے عقیدت مند زار و قطار اشک بہانے کے ساتھ ساتھ ہاتھ اٹھاکر اللہ تعالی کے حضور اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل و مشکلات اور آزمائشوں سے نجات کی دعائیں مانگ رہے تھے۔ اکثر مقامات پر راستوں کو سجانے کے ساتھ ساتھ چراغاں کیا گیا تھا۔زائرین کو راحت پہنچانے کیلئے محکمہ سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام کیاگیاتھا۔سرینگر میں واقع مختلف آستانوں اور زیارت گاہوں میں بھی معراج العالم ﷺ کی مناسبت سے جمعتہ الوداع کے موقعہ پر عظیم الشان اور روح پرور اجتماعات کا اہتمام کیا گیا اور ان اجتماعات میں بھی لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی ۔ عقیدت مندوں کو راحت پہنچانے کیلئے سرکاری و غیر سرکاری رضا کار تنظیموں نے مفت میڈیکل کیمپ اور مشروبات کا انتظام کیا تھا۔قدیم آثار شریف شہری کلاش پورہ میںہر نماز کے بعد موئے مبارک آنحضورؐ کی نشاندہی کی گئی۔نمازِ جمعہ سے قبل مولاناریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ شب معراج میں جناب رسول مقبولﷺ کو حق تعالیٰ نے اپنے اسرار قدرت سے نوازا اور امت کیلئے خصوصی تحفہ پنجگانہ نماز عطا کیا۔ ادھر جناب صاحب صورہ، خانقاہ معلیٰ سرینگر،زیارت حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ سرائے بل سرینگر،زیارت مخدوم صاحب کوہ ماراںکے ساتھ ساتھ کعبہ مرگ،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان،پنجورہ شوپیان ، خانقاہ فیض پناہ ترال،چرار شریف کے علاوہ دیگر اضلاع اور قصبہ جات بشمول بڈگام ،پلوامہ ، کولگام ،سوپور، بانڈی پورہ ، اسلام آباد ، بارہمولہ اور کپوارہ میں بھی لوگوں نے مساجدمیں شب خوانی کرکے اللہ تعالیٰ کے حضور میں اپنے گناہوں کیلئے مغفرت مانگی اور دنیا میں قیام امن کیلئے دعائیں مانگی۔