مظلوم انصاری اورامتیازموب لنچنگ معاملہ

رائے پور//جھاڑکھنڈ کی لاتیہارکورٹ نے بالوماتھ موب لنچنگ معاملے کے تمام 8 قصورواروں کو عمرقید کی سزاسنائی ہے۔ ساتھ ہی سبھی پر25-25 ہزارروپئے کا جرمانہ بھی لگایا گیا ہے۔ جرمانہ جمع نہیں کرانے کی صورت میں سزا میں ایک سال کا اضافہ ہوجائے گا۔ سزا پانے والوں میں بالوماتھ کے باشندہ ارون ساو، پرمود ساو، شاہ دیوسونی، متھلیش ساہو، اودھیش ساو، منوج ساہو، منوج کمارساو اوروشال تیواری شامل ہیں۔بالوماتھ تھانہ علاقے کے جھابرگاوں میں 17 مارچ 2016 کودومویشی تاجروں کا قتل کرکے ان کی لاش کوپیڑسے لٹکا دیا گیا تھا۔  موب لنچنگ کا شکارہونے والے ہیرہنج تھانہ علاقہ کے نوادا گاوں کے رہنے والے مظلوم انصاری (35 سال) اورچھوٹوعرف امتیاز (18 سال) تھے۔ دوسرے دن واقعہ سامنے آنے کے بعد  پورے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔اس معاملے میں 8 لوگوں کو ملزم بنایا گیا تھا، جنہیں عدالت نے اس معاملے میں قصوروارتسلیم کیا، جس کے بعد بدھ کو تمام ملزمین کوعدالتی حراست میں لیکرجیل بھیج دیا گیا تھا۔ قابل ذکرہے کہ 2016 میں جب یہ واقعہ رونما ہوا تھا، تواس کی گونج پارلیمنٹ میں بھی سنائی پڑی تھی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 18 مارچ کو ہی 5 ملزمین کوگرفتارکرلیا تھا جبکہ تین ملزمین نے بعد میں22 مارچ کوسرینڈرکردیا تھا۔