مظفر خان کا تھنہ منڈی میں روڈ شو

تھنہ منڈی//جج کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے مظفر اقبال خان کا تھنہ منڈی میں نیشنل کانفرنس کارکنان نے استقبال کیا۔ منگل کے روز بلاک صدر نیشنل کانفرنس  مشتاق احمد شال اور سینئر لیڈر نیشنل کانفرنس شمیم احمد مغل کی قیادت میں سابق سب جج مظفر اقبال خان کا مغل دربار کے قریب استقبال کیاگیا ۔اس موقعہ پر ایڈووکیٹ ارشد سمیال، سرپنچ کرامت اللہ خان،سرپنچ منشی خان، سابق سرپنچ محمد ریاض، حاجی محمد مقبول رینہ، عبدالحمید ڈار، شمشیر سمیال،منصور احمد رینہ ،عبدالحق ٹھکر، محمد اسحق  ٹھکر، ایڈووکیٹ نوید انجم شال،محمد اسلم چوہدری ودیگر ان بھی موجو دتھے جنہوں نے مظفر اقبال کو ایک قافلے کی شکل میں بابا غلام شاہ بادشاہ ؒشاہدرہ شریف زیارت پہنچایاجہاں انہوں نے زیارت پر حاضری دے کر ریاست میں امن و امان و ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں مانگیں ۔ واپسی پر مظفر خان نے شاہدرہ شریف پل، خضر پل، خان مارکیٹ، مین بازار تھنہ منڈی، خواجہ لطیف شال مارکیٹ تا غزالی چوک تعارفی روڈ شو نکالا۔انہوں نے اس دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو سال صلاح مشورے کے بعد سبکدوشی کا فیصلہ لیکر انسانی خدمت کے جذبے سے اس راہ پر آئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ان کا مذہب صرف اور صرف اور غریبوں کی خدمت کرناہے اور وہ بغیر رنگ و نسل خدمت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سادہ لوح عوام کو ذات پات کے نام پر تقسیم کرنے والوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔