مظفر بیگ مرکزی وزیر دفاع سے ملاقی

 جموں//ممبر پارلیمنٹ مظفر حسین بیگ کی قیادت میں ایک وفد نے  وزیر دفاع نرملا سیتارمن کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ کپواڑہ۔کرناہ سڑک پر سادھنا ٹنل کی تعمیر کا معاملہ اُجاگر کیا۔ یہ معاملہ پہلے ہی وزیر اعلیٰ نے وزیر دفاع کے ساتھ اٹھایا ہے ۔ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے ، میر فیاض ، ایم ایل اے راجا منظور اور ایم ایل سی جاوید مرچال بھی وفد کا حصہ تھے ۔ ارکان نے مرکزی وزیر کو کپواڑہ خاص طور سے کرناہ کے لوگو ں کے مسائل کے بارے میںجانکاری دی کیونکہ یہ سڑک بھاری برفباری کی وجہ سے لگ بھگ 6مہینے بند رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سادھنا کے مقام پر ٹنل کی تعمیر سے یہ سڑک تمام موسموں والی سڑک میں تبدیل ہوگی اور لوگوں کی راحت رسانی بھی ہوگی۔ وفد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پہلے ہی یہ معاملہ وزیر دفاع کے ساتھ اُٹھایا ہے۔وزیر دفاع نے وفد کے مطالبات غور سے سنے اور کہا کہ وزیرا علیٰ نے یہ معاملہ ان کے ساتھ اُجاگر کیا ہے ۔انہوںنے مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔