مظفرآباد میں احتجاجی ریلی،اقوام متحدہ سے مداخلت کی اپیل

مظفرآباد//جموں کشمیر میںحالیہ ایام میں ہوئی ہلاکتوں پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ پاسبان حریت کے زیر اہتمام گوجرہ سے نلوچھی پُل تک مارچ کیا گیا جس میں ریڈ فائونڈیشن سکول اینڈ کالج کی طالبات نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر مشتاق الاسلام، پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر ، پرنسپل ادارہ شہناز کنٹھ اور فاطمہ فہیم نے شرکت کی۔انہوں نے بھارتی فورسز کو  تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر عزیر احمد غزالی نے کہا کہ کشمیر میں معصوم مسکان اور 15سالہ نعمان اشرف کی ہلاکت اور دو سالہ ہبا نثار کو زخمی کرنا انسانیت پر حملہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کشمیر میں بہنے والا بچوں اور بچیوں کا خون انہیں نظر کیوں نہیں آتا؟ مظاہرین سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں سلگتی چنگاری پوری دنیا کے امن کو تباہ و برباد کر کے رکھ دے گی۔