مطلع ابر آلود، کہیں ہلکی بارشیں

سرینگر//چلہ خاندان کا 70روزہ اقتدار ختم ہونے کے بعد یکم مارچ، کو وادی کے کئی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی جبکہ مطلع دن بھر ابر آلود رہا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ 2اور3مارچ کو وادی کے کچھ ایک علاقوں میں ہلکی برف باری اور کہیں بارشیں ہو سکتی ہیں ۔منگل کو وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں معمولی بارشیں ہوئیں ۔کپواڑہ کے پھرکیان ٹاپ، سادھنا ٹاپ ، زیڈ گلی اور بنگس وادی کے علاوہ بارہمولہ اور گلمرگ کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں صبح اور بعد دوپہر ہلکی بارشیں ہوئیں ۔ سونہ مرگ اور زوجیلہ میں بھی ہلکی برف باری ہوئی ۔ شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں بھی معمولی بوندا باندی ہوئی۔وادی بھر میں دن بھربادل چھائے رہے اورمطلع ابروآلود رہنے کی وجہ سے سردی بھی بڑھ گئی۔جنوبی کشمیر بشمول اننت ناگ میں منگل کودوپہرکے وقت ہلکی بارش ہوئی ۔موسم میں بہتری آنے کے2 روز بعد شمالی کے ضلع کپوارہ میں منگل کی صبح سے ہلکی برف باری کا ایک اور مرحلہ شروع ہوگیا جو وقفے وقفے سے کچھ وقت تک جاری ر ہا۔کپوارہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی ۔ضلع کے سرحدی علاقوں کرناہ، کیرن اور مژھل کی سڑکیں 8ویں روز بھی بند پڑی رہیں۔ سادھنا گلی پر 7انچ،فرکیاں ٹاپ پر6انچ اور زیڈ گلی مژھل پر 7انچ تازہ برف جمع ہوئی۔ادھر شہر سرینگر میں درجہ حرارت 3.4ڈگری۔ گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 4.5  اورپہلگام میں بھی منفی3.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ ، کوکرناگ اور کپواڑہ میں بھی شبانہ درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے ۔