مصطفی کمال کادورہ ٔرامسو

بانہال // نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر مصطفی کمال نے رامسو میں نیشنل کانفرنس کے سینئر ضلع نائب صدر میر واعظ کوہستان عطا محمد کٹوچ کی رامسو میں واقع رہائش پر جاکراْن کے جواں سال بھتیجے کی اچانک رحلت پراپنی اور پارٹی کی طرف سے سوگوار کنبے سے تعزیت پْرسی کی اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی ۔ نیشنل کانفرنس لیڈر رامسو عطا محمد کٹوچ کے انیس سالہ بھتیجے عامر فاروق کٹوچ ولد محمد فاروق کٹوچ چند روز قبل دل کی دورہ پڑنے کی وجہ سے شاہراہ کے برلب رامسو میں موت ہوگئی تھی۔ اتوار کے روز جموں سے سرینگر کی طرف آنے کے دوران نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے رامسو میں عطا محمد کٹوچ کے گھر جاکر ان کے جوان سال بھتیجے کی رحلت پر لواحقین سے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا اور اللہ رب العزت سے مرحوم عامر کیلئے جنت نشینی کی دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کے کنبے کے افراد کو صبر وجمیل اور اس نا قابل تلافی نقصان کا نعم البدل عطا کرنے کی بھی خالق کائنات سے دعا کی۔ اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس لیڈر اور ضلع صدر حاجی سجاد شاہین اور محمد خلیل کٹوچ سمیت کئی دیگر کارکن اور مقامی لیڈران بھی رامسو میں مولانا عطا محمد کٹوچ کی رہائش پر تعزیت پرسی میں موجود تھے۔