مصر کے ساحل پر شارک کے حملے میں خاتون سیاح اپنے بازو سے محروم

یو این آئی

قاہرہ// مصر کے ساحل پر خاتون سیاح کے ساتھ ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک خطرناک شارک کے حملے میں خاتون سیاح اپنے بازو سے محروم ہوگئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسکندریہ سے تعلق رکھنے والی یہ خاتون ایک دوست کے ہمراہ تیراکی میں مصروف تھی کہ اس پر شارک نے حملہ کردیا، جس کے باعث اس کا بایاں بازو کٹ گیا۔حکام کی جانب سے فوری طور پر لڑکی کو بے ہوشی کی حالت میں سمندر سے باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا، حکام کے مطابق لڑکی کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ اسے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لگونا بیچ پر موجود تیراک ابتدائی طور پر شارک کو ٹونا سمجھ بیٹھے۔ شرم الشیخ سے تقریباً 36 میل شمال میں دہاب ریزورٹ پر شارک کے حملے کے بعد ساحل سمندر خالی ہوگیا۔حکام کی جانب سے جنوبی سینائی میں قدرتی ریزرو ورک ٹیم کو صورتحال کا جائزہ لینے اور شارک کے حملے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ایک ہنگامی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک یہاں ایک افسوسناک واقعہ جون کے ماہ میں پیش آیا تھا جب روسی شخص کو ہرگھڈا میں ٹائیگر شارک زندہ نگل گئی تھی۔ساحل پر موجود افراد نے یہ افسوسناک واقعہ خود بھی دیکھا تھا جب ایک شارک نے روسی شخص پر حملہ کیا تھا، واقعے کی ویڈیو فوٹیج مصر میں سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہی تھی۔