قاہرہ // مصر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی برف باری اور اور خراب موسم سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ برف باری سے تعلیمی ادارے بند، ٹریفک معطل اور بندرگاہوں پر سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ ملک کے شمال میں اسکندریہ میں شدید برف باری ہوئی ، جس نے شہر کی سڑکوں کو ڈھانپ لیا۔ دقہلیہ، کفر شیخ، دمیاط، بحیرہ، شرقیہ اور قلیوبیہ میں موسلا دھار بارش ہوگئی۔ حکام کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ غیرضروری طورپر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔برف باری کے باعث قاہرہ، جیزا، اسکندریہ، مینوفیہ اور مطروح میں اسکول بند کردیے گئے۔سکندریہ پورٹ اتھارٹی نے موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک جنرل اتھارٹی آف اسکندریہ اور دخیلہ بندرگاہوں کو بند کرنے کا اعلان کیا۔ بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کی جنرل اتھارٹی نے شرم الشیخ سمندری بندرگاہ کو خراب موسم کی وجہ سے بند کرنے کا اعلان کیا۔ادھر مصری حکام نے بحرِ احمر اور بحیرہ روم کے ساحلوں پر واقع پانچ نئی مصری بندرگاہیں خراب موسم کی وجہ سے بند کردی ہیں۔ اس سے قبل ’اسکندریہ‘ اور’الدخیلہ‘ کی دو بندرگاہوں کو بھی خراب موسم کے باعث عارضی طورپر بند کردیا تھا۔ ریڈ سی بندرگاہوں کی اتھارٹی کیجانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بورتوفیق ، الزیتیات (سویس ) اور شرم الشیخ کی بندرگاہوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ چھوٹے بڑے تمام جہازوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ دمیاط بندرگاہ اتھارٹی کے سربراہ میجر جنرل ولید عوض نے دمیاط بندرگاہ عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب قاہرہ سمیت مصر کے دیگر ہوائی اڈوں پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ غیر مستحکم موسم کی وجہ سے پروازوں کو مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔