مشیر فاروق خان کاجتی میںکسانوں کیساتھ تبادلہ خیال ،شکایات سنیں

  کنڈری نالہ منڈی میں کولڈ سٹوریج سہولیت فراہم کرنے کا یقین دلایا

ڈوڈہ//لیفٹیننٹ گورنرکے مشیر فاروق خان نے دریائے وادی چناب (رام بن ، کشتواڑ اور ڈوڈہ )کے سہ روزہ دورے کے دوران جتی میں ایک تبادلہ خیال عوامی شکایتی ازالہ کیمپ کا اِنعقاد کیا۔مقامی سبزیوں کے کاشتکاروں اور عام لوگوں نے دُور دراز کے علاقوں میں عوامی سطح پر ایسے پروگراموں کے اِنعقاد پر ایل جی حکومت کی تعریف کی اور اس موقعہ انہوں نے مشیر کو متعدد مطالبات اور مسائل گوش گزار کئے جن میں مڈل سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے ، اَسار اور جتی میں کھادوں اور ایگرو اَدویات کی سہولیت فراہم کرنے، مقامی رابطہ سڑکوں کی تجدید و مرمت اور پانی کی فراہمی کی سکیمیں وغیرہ شامل ہیں۔مشیر نے عوام سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے معاملات جلد از جلد ازالے کے لئے متعلقہ حلقوں کو بھیجے جائیں گے۔اُنہوں نے عوام کو جانکاری دی کہ حکومت جلد ہی علاقے کے سبزیوں کے کاشتکاروں کے لئے کولڈ سٹوریج شروع کردے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ریفریجریٹر وین پہلے ہی ضلع کو مہیا کی جاچکی ہے تاکہ یہ پیداوار تازہ دُور دراز بازاروں تک پہنچ جائے۔مشیر نے یہ بھی بتایا کہ کنڈی نالہ منڈی کی تعمیر کو کم سے کم وقت میں شروع کیا جائے گا جس کے لئے ضلعی اِنتظامیہ نے محکمہ کے ساتھ کوآرڈی نیشن میں 3 کنال اراضی کی نشاندہی کی ہے۔بٹوت فروٹ اور سبزیوں کی منڈی تیار ہے اور جلد ہی کاشت کاروں کے لئے کھول دی جائے گی۔اُنہوں نے کاشتکاروں کو نامیاتی کھیتی باڑی کرنے کی تاکید کی اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اسار مارماٹ جتی کے علاقے کے لئے نامیاتی کلسٹرقائم کریں۔مشیر کے ہمراہ ایس ڈی ایم اسار ، چیف ایگریکلچر آفیسر ڈوڈہ ، چیف ہارٹیکلچر آفیسر ڈوڈہ ، ڈی آئی او  ڈوڈہ ، ڈی ایس ڈبلیو او ڈوڈہ، ڈپٹی ایس پی ڈی اے آر ڈوڈہ ، ائیریا مارکیٹنگ آفیسر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ڈوڈہ ، تحصیلدار اسار اور دیگر ضلعی اور سیکٹورل اَفسران تھے۔