مشیر فاروق خان نے یوتھ آل اِنڈیا کشمیری سماج کے ’ہیرتھ ملن‘ میں شرکت کی

 جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج یہاں سوریہ بھون میں یوتھ آل اِنڈیا کشمیری سماج( وائی اے آئی کے ایس ) کے زیر اہتمام ’’ہیرتھ مِلن ‘‘ میں شرکت کی۔اِس موقعہ پراپنے خیالات کا اِ ظہارکرتے ہوئے مشیر فاروق خان نے کہا کہ ہیر تھ ایک اہم تہوار ہے جو جموںوکشمیر کی جامع ثقافت کی علامت ہے۔مشیر فاروق خان نے کہا کہ کشمیر ی ثقافت ملی جلی روایات کا اِمتزاج ہے جسے کشمیری پنڈتوں نے خوبصورتی سے اپنایا ہے اور یہ کمیونٹی کشمیریت کا مظہر ہے ۔ اُنہوں نے بھائی چارے کو بہترین معیار پربر قرار رکھنے پر کمیونٹی کی تعریف کی۔صدر یوتھ آل اِنڈیا کشمیری سماج( وائی اے آئی کے ایس ) نے اَپنے خطاب میں کہا کہ اِس میلان کا موضوع کشمیری پنڈت برادری کی کھوئی ہوئی جڑوں سے دوبارہ جوڑنا اور جموںوکشمیر میں اَمن اور ہم آہنگی کے لئے ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ تین دہائیوں سے کمیونٹی کو درپیش موجودہ حالات سے نکلنے کا واحد حل اخوّت اور محبت ہے۔اِس موقعہ پر آنجہانی اَجے پنڈتا بھارتی ، پی این تکو ( سپر اِنٹنڈنٹ آف پولیس ) اور ڈاکٹر دیپالی واتل کو ایوارڈ 2022 ء ان کے متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات کے لئے ’’گاش تارک‘‘ سے نوازا گیا ۔دورانِ ملن جموںوکشمیر کے نامور گلو کاروں وحید جیلانی ، ڈاکٹر دیپالی واتل ، وِشال پنڈت اور کچھ دیگر با صلاحیت گلو کاروں اور فن کاروں جیسے بھومیکارینہ ، اوا پیا ، ادوت کاک ، رونیکا ریتی اور دیگر نے اَپنی مسحور کن آوازوں سے سامعین کو محظوظ کیا۔’’ہیر تھ ملن‘‘میں مختلف نامور شخصیات میں سابق وائس چانسلر پروفیسر رَتن لال ہنگرو،پروفیسر اے این سادھو، جسٹس بی ایل صراف ، اَدا کارڈاکٹر عیاش عارف ، سابق ڈائریکٹر ڈی ڈی کے جموں / سری نگر شبیر مجاہد ، قاضی عمار ، ڈی ڈی کے سری نگر کے معروف اور کشمیر ی پنڈت بھائیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔