بارہمولہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ضلع بارہمولہ کے علاقہ ٹنگمرگ کا دورہ کر کے وہاں کووِڈ۔19 تخفیفی اِقدامات کا جائزہ لیا۔ دُور ے کے دوران مشیر موصوف نے اِن مراکز میں طبی ڈھانچے کی صورتحال اور اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پنچایتی سطح پر حال ہی میں قائم کئے گئے کووِڈ کیئر سینٹروں کا معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے متعلقین کو اِس بات کی یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ تمام طبی اور اہم سہولیات بغیر کسی دِقت کے فراہم کی جائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کی دوسری لہر سے نمٹنے اور دیہی علاقوں میں صحت بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے مقصد سے ہر پنچایت میں لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر پانچ بستروں پر مشتمل کووِڈ کیئر سینٹرقائم کئے گئے ہیں۔ بعد میں مشیر بصیر خان نے سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز نمائندوں، پی آر آئی ، ٹرانسپورٹروں ، تاجروں ، مذہبی رہنمائوں پر مختلف شراکت داروں سے ملاقات کی تاکہ نچلی سطح پر مؤثر کووِڈ کنٹرول کے لئے مختلف ذرائع اور اِقدامات پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر متعلقہ شراکت داروں نے جاری وَبائی امور کے دوران درپیش مسائل سے متعلق مشیرموصوف کو آگاہ کیا ۔ مشیر نے اُن کے مسائل بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ اُن کی جانب سے اُٹھائے گئے جائز شکایات اور مسائل کا ازالہ مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔بصیر خان نے مختلف شراکت داروں کے تعاون کو سراہا جنہوں نے پابندیوںکو کم کرنا ممکن بنایا۔اُنہوں نے اُن پر زور دیا کہ وہ اپنے معاشرے کی بھلائی کے لئے کووِڈ رہنما اصولوں اور ایس او پیز پر من و عن عمل پیرا رہیں ۔مشیر موصوف نے اعلان کیا کہ ٹنگمرگ میں جلد ہی مکمل طور پر فعال آکسیجن پلانٹ شروع کیا جائے گاجو کووِڈ بحران کے چیلنج سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگا۔دریں اثنا ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے مشیر موصوف کو وبائی اَمراض کے پھیلائو پر قابو پانے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے اُٹھائے گئے مختلف اِقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے ضلع میں مثبت معاملات اور بحالی کی شرحوں کے بارے میں ایک مختصر تفصیل دی۔اِس موقعہ پر ناظم دیہی ترقی محکمہ کشمیر طارق احمد زرگر ، ایس ایس پی بارہمولہ رئیس احمد بٹ ، ایس ڈی ایم گلمرگ سمیر جان ، مختلف محکموں کے سربراہان ، ضلعی وسیکٹورل اَفسران کے علاوہ دیگر متعلقہ کار کنان موجود تھے۔