مشیر بصیر خان سے متعدد وفود اور اَفراد ملے

سری نگر//متعدد وفود اور افراد نے سول سیکرٹریٹ میں لیفٹیننٹ گورنرکے مشیر بصیراحمد خان کو اپنی شکایات اور مانگوں سے آگاہ کیا۔ صدر کے ایم ٹی ایف محمد یاسین خان نے مشیر کو ترال بس سٹینڈ میں دکانوں کی تعمیر کے بارے میں تفصیل دی ۔ اِس موقعہ پراے ڈی سی پلوامہ موجود تھے ،نے مشیر کو بتایا کہ مذکورہ کام کا مفصل پروجیکٹ رپورٹ تیار کرکے منظوری کے لئے پیش کیا گیا ہے۔سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹروں کے ایک وفد نے مشیر بصیر احمد خان سے ملااور انہیں اپنے متعلقہ وارڈوں میں مختلف تعمیراتی کاموںکے بارے میں جانکاری دی اور رہائشی سہولیات سے متعلق مسائل سے بھی انہیں آگاہ کیا۔زکورہ حضرت بل سے آئے ایک وفد نے مشیر سے درخواست کی ان کی بستی میں ایک اضافی بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے کیوں کہ موجودہ ٹرانسفارمر میں پوری بستی کو بجلی سپلائی کرنے کی صلاحیت موجود نہیں ہے جس کے سبب بجلی کی سپلائی متاثر رہتی ہے۔دریں اثنا گاندربل منتخبہ بی ڈی سی ارکان نے مشیر کو جانکاری دی کہ ایگزیکٹیو انجینئرکی اسامی دیہی ترقیاتی محکمہ میں خالی پڑی ہے جس سے ترقیاتی کاموں میں رُکاوٹ آتی ہے اور درخواست کی ہے کہ اس خالی پڑی اسامی کو پُر کیا جائے ۔مشیر سے چند ٹھیکیدار بھی ملے جنہوں نے محکمہ دیہی ترقی میں مختلف کاموں کے واجبات کی واگزاری کی مانگ کی۔کئی افراد بھی مشیر سے ملے جنہوں نے بجلی ، پانی ، سڑکوں کی تعمیر ،باندھ ، تقرریوں اور تبادلوں سے تعلق سے مسائل پیش کئے ۔ اس موقعہ پر مشیر بصیر خان نے وفود کی شکایات اور مانگوں کو بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کی تمام جائز شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔دریں اثنا انہوں نے متعلقہ افسروں کو چند مسائل اور مانگوں کے ازالے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔