مشیربھٹناگر کا جموں اور اودھمپور اضلاع میں قائم کووڈ کئیر سنٹروں کا دورہ

 جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے کووڈ کنٹرول کے مختلف اقدامات کا جائیزہ لینے کیلئے جموں اور اودھمپور اضلاع کے مختلف کووڈ کئیر سنٹروں کا ایک وسیع دورہ کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے اودھمپور ہسپتال کے مجموعی کام کا جائیزہ لیا ۔ اپنے دورے کے دوران مشیربھٹناگر نے یوتھ ہوسٹل نگروٹہ میں واقع کووڈ ویلنس سنٹر میں موجود سہولیات کا معائینہ کیا اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ وہاں تمام ضروری طبی سامان دستیاب رکھیں تا کہ مریضوں کو ضروری علاج معالجے کے ساتھ ساتھ وہاں دیگر ممکنہ طبی سہولیات بھی دستیاب رکھی جا سکیں ۔ مشیر نے پنج گرائیں ، نگروٹہ میں نئے قائم پنچائت کووڈ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں ہونے والے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت کے مطابق مرکز میں تمام سہولیات قائم کریں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ مرکز میں کم سے کم ایک بستر کیلئے آکسیجن دستیاب رکھیں اس کے علاوہ دیگر دوائیں بھی مرکز میں مہیاء کی جائیں ۔ دریں اثنا مشیر بٹھناگر نے پی ایچ سی ٹکری کا بھی دورہ کیا اور صحت مرکز کے کام کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وبائی مرض کووڈ 19 کے پیش نظر مرکز میں طبی انفراسٹریکچر کو اپ گریڈ کریں اس کے علاوہ عام لوگوں کی سہولت کیلئے مرکز میں دیگر طبی سہولیات بھی مہیاء کی جائیں ۔ پی ایچ سی ٹکری کے دورے کے دوران مشیر بٹھناگر نے چئیر مین بی ڈی سی ٹکری ، سرپنچ اور دیگر پی آر آئی ممبروں سے بات چیت کی ۔ مشیر نے ان سے بات چیت کرتے ہوئے کووڈ 19 کے پیش نظر ان کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی اور ان سے ضلع کی مجموعی ترقی کیلئے درکار اپنی کوششوں کو جاری رکھنے کیلئے کہا ۔ بعد میں مشیر نے ڈسٹرکٹ ہسپتال اودھمپور کا دورہ کیا اور وبائی مرض کووڈ 19 کے پیش نظر رکھے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ مشیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اودھمپور اندو کنول چب ، ایس ایس پی سرگون شکلا، صدر میونسپل کونسل اودھمپور ڈاکٹر جوگیشور گپتا ، چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر کے سی ڈوگرہ ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وجے رینہ اور دیگر افسران تھے ۔ دورے کے دوران مشیر بٹھناگر نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور ضلع میں کورونا وائیرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کیلئے ضلع انتظامیہ کی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے نامزد کووڈ کئیر سنٹر میں دستیاب انفراسٹریکچر اور مطلوبہ سہولیات کا تفصیلی جائیزہ لیا اور کورونا وائیرس کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی ہوم آئسو لیشن سہولت کا بھی معائینہ کیا ۔