مشکوک افراد کی نقل و حرکت

پونچھ //وادی کی کشمیر کی طرح پونچھ کے کئی علاقوں میں فوج نے سخت محاصرہ کرکے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ معلوم ہواہے کہ خطہ پیر پنچال کے پونچھ نامی ضلع کے بیشتر علاقوں کا سوموار کی صبح فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے کڑا محاصرہ کرتے ہوئے یہاں تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔ معلوم ہوا کہ فورسز اہلکاروں نے ضلع کے سخی میدان اور مینڈھر تحصیل کے تحت آنے والے درجنوں علاقوں کا سخت گھیرائو کرتے ہوئے یہاں تلاشیوں کا سلسلہ باضابطہ طور پر شروع کردیا۔ اس موقعے پر فوج اور پولیس کئی اہم سڑکوں پر ناکے بھی لگائے جہاں آخری اطلاعات ملنے تک گاڑیوں کی تلاشی جاری تھی۔ معلوم ہوا ہے کہ فوج و فورسز کو اطلاع موصول ہوئی ہے کہ یہاں پر چند ہتھیار بند نوجوان چھپے بیٹھے ہیں جس کے بعد ہی تحصیل کے کئی علاقوں کا سخت محاصرہ عمل میں لاتے ہوئے یہاں گھروں کے علاوہ کھیت کھلیانوں کی تلاشی عمل میں لائی گئی۔ فورسز نے اس موقعے پر ضلع کی اہم سڑکوں اور حساس مقامات پر ناکے قائم کئے جہاں گاڑیوں کی چکنک کرنے کے علاوہ مسافروں اور راہ گیروں کی باریک بینی سے تلاشی کا سلسلہ آخری اطلاعات تک جاری تھا۔