مشن ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے ہر کسی کو قربانی دینی چاہئے:نائب صدر

یواین آئی

گورکھپور//نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے ہفتہ کو شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے کے لئے جاری مہم میں پوری شدومد کے ساتھ شریک ہوں۔دھنکھڑ نے ہفتہ کو گورکھپو رمیں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں سینک اسکول کے افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دنیا میں ہندوستان کی جو الگ شناخت قائم ہوئی ہے اس میں اترپردیش کی بھی شراکت داری ہے۔ انہوں نے سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو لے کر جاری مہم میں سب سے شراکت دری ادا کرنے کی اپیل کی۔پروگرام میں نائب صدر جمہوریہ کی بیوی ڈاکٹر سدیش دھنکھڑ بھی موجود رہیں۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش میں تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ 2017 کے بعد یوپی میں تعلیم، میڈیکل، صنعت کاری اور دیگر شعبوں میں میعاری ترقی ہوئی ہے، جب کہ 2017 سے پہلے ریاست دہشت کی زد میں تھیں۔ امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں تھی اور عام آدمی پریشان تھا۔انہوں نے کئی نکات پر یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سینک اسکول گورکھپور کو محض تین سال میں پورا کروا کر یوگی نے شاندار اور انقلابی کام کردکھایا ہے ویسے تو یوگی جی کے انقلابی کاموں کی گونج ہرجگہ سنائی دیتی ہے۔ تین سال میں سینک اسکول بن کرتیار ہونا مشکل اور ناقابل تصور تھا لیکن سی ایم یوگی ایسا کردیں گے یہ یقین بھی تھا۔سینک اسکول سمیت سبھی اسکولوں کے طلبہ اور عوام الناس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان ہماری شناخت اور قوم ہمارا مذہب ہے۔ ہمیں ذاتی مفاد سے اوپر ملکی مفاد کو رکھنا ہوگا۔ راشٹرواد سے سمجھوتہ ملک کے ساتھ دھوکہ ہوگا۔ملک پر سوالیہ نشان لگانے والوں کو ہمیں برداشت نہیں کرنا ہے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج کا ہندوستان دس سال پہلے والا ہندوستا ن نہیں ہے بلکہ مستحکم بھارت ہے۔