مشرقی لداخ میں لاجسٹک سپورٹ کیلئے دوہرے کوبوں والے اونٹ تعینات

 عظمیٰ نیوز سروس

 

جموں//فوج نے پیر کے روز کہا کہ اس نے مشرقی لداخ میں فوجیوں کی لاجسٹک مدد کیلئے دو کوبوں والے اونٹوں کو تعینات کیا ہے۔اسے ڈبل کوہ دار اونٹ بھی کہا جاتا ہے، جو بنیادی طور پر سامان لے جانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں لیکن یونین ٹیریٹری کی وادی نوبرا میں سیاحوں کیلئے بھی دستیاب ہوتا ہے۔فوج کی ادھم پور میں مقیم شمالی کمانڈ نے X پر لکھا”بیکٹرین(ڈبل کوبوں والے) اونٹوں کو مشرقی لداخ میں آخری میل تک اہم بوجھ کی ترسیل اور سطح مرتفع کے ریتیلے خطوں میں گشت کرنے کے ایک جدید ذریعہ کے طور پر تعینات کیا گیا ہے،”۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا”اونٹوں کے استعمال سے عوام کے لیے روزگار پیدا ہوگااور لداخ میں دوہرے کوبوں والے اونٹوں کی تیزی سے کم ہوتی آبادی کے تحفظ کے لیے بھی راہ ہموار ہوئی ہے،” ۔فوج نے پوسٹ کے ساتھ تعینات ڈبل کوہان والے اونٹوں کی ویڈیو بھی شیئر کی۔پچھلے سال، لداخ انتظامیہ نے ہنڈر میں دوہرے کوبوں والے بیکٹریئن اونٹوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور تجویز پیش کی کہ اونٹوں کے لیے فٹنس سرٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔