مشترکہ مسابقتی امتحان 2022

بلال فرقانی
سرینگر// ایس آرائو130کے تحت حکومت نے مشترکہ مسابقتی امتحان کیلئے عمر کی بالائی حد 37سال سے کم کر کے 32 سال کر دی ہے۔ پچھلے امتحان کے لئے حکومت نے’ایک بار کی چھوٹ‘کے طور پر اوپری عمر کی حد کم کر کے 37 سال کر دی تھی۔بدھ کوجے اینڈکے پبلک سروس کمیشن نے جموں وکشمیر کے ڈومیسائلزیعنی مستقل رہائشی اُمیدواروں سے جے اینڈ کے کمبائنڈ کمپیٹیو (ابتدائی) امتحان، 2022 میں جونیئر سکیل جے اینڈ کے ایڈمنسٹریٹو سروس، جے اینڈ کے پولیس سروس اور جے اینڈ کے اکاؤنٹس سروس کی 220 اسامیوں کیلئے درخواستیں طلب کیں۔ مکمل آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 مئی 2022 ہے۔ابتدائی امتحان (2سیشنوں میں) کی عارضی تاریخ26 جون ہے جبکہ مینز کی عارضی تاریخ 28 اکتوبر ہے۔ادھرمشترکہ مسابقتی امتحان کیلئے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ32 سال کی عمر کی حد سے تجاوز کرنے والے امیدواروں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ اُنہیں ’’آخری موقع‘‘دینے کیلئے عمر کی مقررہ اُوپری حد میں نرمی کی جائے ۔ خواہشمند اُمیدواروں کاکہناہے کہ عمر کی بالائی حدمیں یک مشت5سال کی کمی ناانصافی ہے ،کیونکہ اب وہ عمر کی نئی حدکے تحت اس اہم امتحان میں حصہ نہیں لے سکتے ۔اُمیدواروں نے مزید کہاکہ موقع کا دروازہ جلد بند نہیں ہونا چاہیے۔بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں ایک آخری موقعہ دیاجائے ۔امیدواروں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حکومت’انہیں مایوس نہیں کرے گی‘ اور انہیں ’پچھلی پوسٹوں سے زیادہ‘ کے لیے ’ایک آخری بار‘مقابلہ کرنے کا موقع دے گی۔