مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کاتعلیمی مقصد | طلباء کو فیس میں خصوصی رعایت دی جائے گی :بسمل

 تھنہ منڈی // پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے خطہء پیر پنجال کے صدر اور مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ،بابا غلام شاہ اکادمی تھنہ منڈی کے سرپرست خورشید بسمل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران کئی غریب والدین اپنے گھروں تک ہی محدود رہے ہیں اور گزشتہ ڈھائی برسوں سے ان کی اقتصادی حالت خراب رہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے نجی سکول مالکان و منتظمین کو آگے آکر تعلیم کے فروغ کیلئے رول ادا کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ صورتحال کے پیش نظر انھوں نے مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے حق میں ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ ٹرسٹ کے نرسری تا ساتویں جماعت میں زیر تعلیم بچوں کی اپریل 21ء سے جنوری 22 ء تک (10ماہ) کی فیس ادارہ وصول نہیں کرئے گا البتہ تعلیمی سال 2020-21 کی آدھی فیس وصول کی جائے گی۔ اسی طرح آٹھویں تا بارہویں جماعت کے طلبہ سے دوران سال 2021-22 صرف چھ مہینے کی فیس ہی وصول کی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ سکول میں نئے داخلہ جات کا عمل ان پندرہ مارچ سے شروع ہورہا ہے اور آئندہ تعلیمی سال کے دوران بھی ماہانہ فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ خورشید بسمل نے یتیم و نادار اور بے سہارا بچوں کو فیس میں 100فیصدرعایت دینے کا اعلان کیا۔علاوہ ازیں ایسے بچوں کو کتابیں اور وردی بھی مفت فراہم کی جائے گی۔ طلبہ کو مزید خصوصی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے خورشید بسمل نے کہا کہ ادارہ میں زیر تعلیم چار بہن بھائیوں میں چوتھا بالکل فری جبکہ تین بہن بھائیوں میں تیسرے کو50فیصدفیس ادا کرنی ہوگی۔ انھوں نے تعلیمی برس کے سالانہ امتحان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو بھی فیس میں رعایت دینے کا فیصلہ کیاہے ۔موصوف نے دیگر نجی اداروں کے منتظمین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ غریبوں اور تعلیم کے فروغ کیلئے بچوں کو رعایت دینے کا بندوبست کریں ۔