مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ نے 46واں یوم تاسیس منایا

 تھنہ منڈی // مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی نے نہایت ہی جوش و جذبے کے ساتھ اپنا 46 واں یوم تاسیس منایا۔اس سلسلہ میں سکول میں ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں انٹرنیشنل ہائر سیکنڈری سکول راجوری کے پرنسپل کے کے لینگر بطور صدر اور این ایم قریشی پونچھی مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علاوہ کلچرل اکیڈیمی کے ضلع آفیسر ڈاکٹر شہنواز چوہدری، بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں شعبہ عربی کے سربراہ ڈاکٹر شمس کمال انجم، چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر،ایم این قریشی، پرنسپل ضیاء العلوم پونچھ وحید احمد بانڈے، گرچرن سنگھ، پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن ضلع راجوری کے جنرل سیکرٹری پرویز چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر محمد لطیف میر ، روٹری کلب راجوری کے جنرل سیکرٹری رشید خان و دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔اس دوران ادارہ کے سرپرست خورشید بسمل نے سکول کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔خورشید بسمل نے حکومت وقت سے گزارش کی کہ وہ تعلیمی ادارے کھولنے میں اب فراخدلی کا مظاہرہ کریں کیونکہ ہمارے بچوں کو تعلیم کے شعبہ میں ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اس کے بعد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔پروگرا م کے دوران سکولی بچوں کی طرف سے رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کیا گیا۔ صدر محفل نے اپنے صدارتی خطبے میں سکول انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کو معیاری اور جدید تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس جدید دور میں تعلیمی میدان کے علاوہ کھیلوں میں بھی شرکت کر کے اپنے والدین کا نام روشن کریں۔تقریب کے دوران اپنے خطاب میں سکول انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ نامساعد حالات میں بھی خورشید بسمل نے بچّوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے جو معیاری پلیٹ فارم فراہم کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ کرونا وائرس کے باعث بڑے پیمانے پر تعلیمی نقصان کی بھرپائی کیلئے انھوں نے اْساتذہ اور طلباء سے کہا کہ وہ محنت سے کام کریں۔ ان کے علا وہ بھی کئی مقررین نے سکول کی گزشتہ 45سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے سکول انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔اس موقعہ پر تدریسی اور غیر تدریسی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہونہار طلباء کو انعامات سے بھی نوزا گیا۔