’مسلمان ممالک متحد ہوکر مقابلہ کریں ‘

پونچھ// شام میں قتل عام کی پونچھ کی مساجد سے بھی مذمت کی گئی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس ضمن میں پونچھ کی تمام مساجد میں شہدائے شام کے ایصالِ ثواب اور اُن کی روح کی تسکین کے لئے دُعائے مغفرت کی گئی۔ اس موقعہ پر مرکزی جامع مسجد پونچھ کے امام و خطیب مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی نے انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیموں اور امریکہ، برطاینہ اور روس کی لونڈی بن چُکی اقوامِ متحدہ تنظیم کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اُنہوں نے دُنیا بھر کے مُسلمانوں اور خاص طور پر اسلامی ممالک کے سربراہان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ متحد ہوکر اسرائیلی بربریت اور جارحیت کے خلاف پُر زور مذمت کریں۔ اُنہوں نے حدیثِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیغمبرِ اسلام نے مُلکِ شام کے متعلق پہلے سے فرمایا ہے کہ جب شام میں بد امنی اور جارحیت ہو گی تو تُم میں خیر باقی نہ رہے گی۔ اُنہوں نے حدیثِ مبارکہ کا مفہوم پیش کرتے ہوئے کہا کہ نبی نے فرمایا تھا کہ ایک دور ایسا آئے گا جب غیر ایسے اکٹھے ہو کر مُسلمانوں پر حملہ آور ہوں گے جیسے بھوکے دستر خوان پر۔ موصوف نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالیوں کا تذکرہ کرنے والی تنظیموں کو آج انسانی حقوق کی پامالی نظر کیوں نہیں آتی اور کیا یہ ساری سختیاں مسلمانوں کے لئے روا رکھی گئی ہیں۔