مسلسل مبینہ غیرحاضری کاشاخسانہ

بانڈی پورہ// بلاک ڈیولپمنٹ افسر، پنچوں اورسرپنچوں کی مسلسل غیرحاضری کے خلاف یہاں سوناواری کے نوگام بلاک میں لوگوں نے بلاک ڈیولپمنٹ افسر کے دفتر کوسیل کیا۔احتجاجی لوگوں نے الزام لگایا کہ متعلقہ بی ڈی اواکثر دفتر سے غیرحاضررہتا ہے۔انہوں نے بلاک میں نئے بی ڈی اوکی تعیناتی کامطالبہ کیا۔احتجاجیوں نے بی ڈی او،اور اے سی ڈی بانڈی پورہ کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ گزشتہ برس جون سے متعلقہ بی ڈی او نے دفتر کادورہ نہیں کیا۔احتجاج کرنے والوں نے  دفترکے مرکزی دروازے پر تالہ چڑھا کر ضلع انتظامیہ کو اطلاع دی۔ رابطہ کرنے پر اے سی ڈی بانڈی پورہ نے  بتایا کہ نوگام بلاک میں تعینات بی ڈی او کے پاس 2 اضافی چارجز ہیں۔ وہ بی ڈی او سنبل اور بونہ کوٹ بلاکوں کاکام بھی دیکھ رہاہے۔انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے ہم بے بس ہیں۔ اے سی ڈی نے  لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کے پس منظر کو سمجھیں۔